لاہور،اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،لیڈی رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ،نیوزایجنسیاں)سابق وزیراعظم نواز شریف پیرکو ساتویں مرتبہ طبی معائنے کیلئے شریف میڈیکل آئے جہاں ان کا ماہرین امراض دل، دماغ اور گردوں نے معائنہ کیا۔ نواز شریف ایک گھنٹہ پندرہ منٹ گزار کر ہسپتال سے واپس گھر چلے گئے ۔ آغا خان ہسپتال کے معالجین خصوصی طور پر نوازشریف کے طبی معائنے کیلئے آئے ۔ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی ہسپتال میں موجود رہے ۔ آغا خان ہسپتال کے معالجین نے نوازشریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا جس کے مطابق نوازشریف کے دماغ تک جانے والی شریان میں خون کے بہاؤ میں جزوی بندش ہے ۔ ڈاکٹرز نے سابق وزیراعظم کو درکار تمام اہم ٹیسٹ مکمل کر لئے تاہم ان کے علاج سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔ ڈاکٹرز نے نوازشریف کی نجی ہسپتال سے کرائی گئی ایم آر آئی ، سی ٹی سکین ، ای سی جی اور پتھالوجی رپورٹس کابھی جائزہ لیا۔نوازشریف کے علاج کیلئے تشکیل دیا گیا میڈیکل بورڈ ان کی انجیوپلاسٹی یا اوپن ہارٹ سرجری کا فیصلہ بعد میں کرے گا۔اس موقع پر پولیس نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے ۔ادھر نواز شریف جو سپریم کورٹ سے طبی بنیادوں پر چھ ہفتوں کی ضمانت پر ہیں کی رہائی کے آج چار ہفتے مکمل ہو جائیں گے ۔ سابق وزیر اعظم 27 مارچ کو سپریم کورٹ کے حکم پر چھ ہفتوں کے لئے ضمانت پر رہا ہوئے تھے ۔ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ میں العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف اور نیب کی اپیلوں پر سماعت آج ہو گی ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بینچ سماعت کرے گا،نواز شریف نے عدالت عالیہ میں دائر درخواست میں سماعت سے حاضری سے استثنیٰ مانگ لیا اورمیڈیکل رپورٹ بھی ساتھ منسلک کردی ۔