اسلام آباد (92نیوز رپورٹ،این این آئی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف کی العزیزیہ سٹیل مل ریفرنس میں مرکزی اپیل پر سماعت کے دور ان پیپر بک کو دوبارہ ترتیب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے مکمل ریکارڈ دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا جبکہ نوازشریف کی ایک دن کیلئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی ۔ گزشتہ روز جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پرمشتمل بنچ کے روبرو دوران سماعت نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ پیپر بک ہمیں مل گئی ہے لیکن یہ مکمل نہیں۔ پیپر بک میں بہت سی دستاویزات موجود نہیں،پیپر بک کو ابھی درست کرنے کی ضرورت ہے ۔ پیپر بک میں سلیکٹڈ ریکارڈ لگا ہے مکمل نہیں۔ میں نے عدالت کو نامکمل ریکارڈ کی نشاندہی کردی ہے ۔جس پرجسٹس عامر فاروق نے کہاکہ ریکارڈ تو مکمل آنا چاہئے ۔ پیپر بک اپنی سہولت منگوائی جاتی ہے تاکہ مکمل ریکارڈ ہو۔عدالت عالیہ نے پیپر بک کو دوبارہ ترتیب دینے کیلئے منور دگل ایڈووکیٹ اور نیب کے ایک نمائندے کو شامل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت9 مئی تک ملتوی کر دی ۔