لاہور(کر ا ئم رپورٹر/خصوصی رپورٹر/مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کو جیل میں بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔نوازشریف کو اڈیالہ جیل میں فوری طور پر بی کلاس کی سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔دریں اثناء نگران حکومت نے نواز شریف کو جیل میں سہولیات کی فراہمی کیلئے شہباز شریف کے خط کا جواب دیدیاجس میں لکھا گیاکہ سابق حکومت قیدیوں کو جو سہولیات اپنے دور میں دے رہی تھی، نگراں حکومت بھی و ہی سہولیات فراہم کر رہی ہے ۔نگران وزیرقانون پنجاب ضیاء حیدررضوی نے کہا ہے کہ اگر جیل کے غسل خانوں کی حالت اچھی نہیں ہے تو سابق حکومت کو اس جانب توجہ دینی چاہئے تھی۔مزیدبرآں اڈیالہ جیل میں نواز شریف اور مریم نواز کو سکیورٹی خدشات لاحق ہیں ۔اس حوالے سے جیل انتظامیہ نے ن لیگی قیادت کو خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے جیل کھلنے کے دوران نواز شریف کو نقل و حرکت محدود رکھنے کی ہدایات جاری کردی ہیں اور مریم نواز کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی۔سکیورٹی حکام نے نواز شریف کے مشقتی پر بھی گہری نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔ محکمہ داخلہ نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ وہ نواز شریف اور مریم نواز کو مہیا کئے جانے والے کھانے اور پانی کی نگرانی خودکریں ۔ سابق وزیراعظم کی سکیورٹی بڑھانے کے ساتھ ساتھ سکیورٹی حکام نے گزشتہ روزہیلی کاپٹر سے جیل کے مختلف حصوں کا فضائی معائنہ بھی کیا۔علاوہ ازیں اڈیالہ جیل انتظامیہ نے نواز شریف سے ملنے کیلئے جانے والے ن لائرز ونگ کو ملاقات کی اجازت نہ دیکر موقف اپنایا ہے کہ ملاقات کی اجازت کسی کو نہیں دی جاسکتی اور اگر کوئی ملنے کی خواہش رکھتا ہے تو ہفتہ میں ایک بار جمعرات کو ملاقاتوں کا دن مقرر ہوتاہے ، ملاقات کے خواہشمند جمعرات کو ہی تشریف لائیں ۔