شیخوپورہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) امیدوار این اے 120 رانا تنویر حسین نے کہاہے کہ نواز شریف کودبانے یا سیاسی منظر نامہ سے ہٹانے سے کسی کو کچھ حاصل نہ ہوگا نقصان ملک وقوم اورجمہوریت کا ہوسکتا ہے ملک بھر سے نواز شریف کے استقبال کیلئے آنیوالے قافلوں کو روکنا اور کارکنوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرنا نواز لیگ کو دیوار کیساتھ لگانے کی سازش ہے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے نواز شریف کو عوام سے دور نہیں کیاجاسکتا بلکہ اس سے عوامی مقبولیت اور پذیرائی میں مزید اضافہ ہورہا ہے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے حلقہ نیابت میں مختلف مقامات پر منعقدہ انتخابی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق ایم پی اے چودھری افتخار احمد بھنگو، سابق ناظم بلال افتخار بھنگو، سابق ضلع ناظم میاں جلیل احمد شرقپوری، سابق ناظم رانا عباس علی خان، پیپلزپارٹی کے سابق ٹکٹ ہولڈر سید غیور عباس بخاری سمیت دیگر رہنما موجودتھے اس موقع پر حلقہ کی مختلف بڑی برادریوں کے سرکردہ افرادنے رانا تنویر حسین کی حمایت کا اعلان بھی کیا۔