اسلام آباد (لیڈی رپورٹر) سابق وزیراعظم نواز شریف نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل کی جلد سماعت کیلئے متفرق درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کر دی جس کی سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ آج کرے گا۔متفرق درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی کی درخواست پر سماعت ہوئی مگر مرکزی اپیل سماعت کے لئے مقرر نہ ہونے کے باعث کوئی کارروائی نہ ہو سکی اور عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ سزا معطلی اورضمانت پر رہائی کی درخواست مرکزی اپیل کے ساتھ سنی جائے گی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سزا کے خلاف دائر اپیل کو جلد سماعت کے لئے مقرر کیا جائے تاکہ سزا معطلی و ضمانت پر رہائی کی درخواست پر بھی سماعت ممکن ہو سکے ۔علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی درخواست ضمانت پر مختصر فیصلہ جاری کر دیا۔چیف جسٹس اطہر من اﷲ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بینچ کے تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ نواز شریف کی سزا معطل کرنے کی درخواست احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیلوں کے ساتھ ہی سنی جائے گی کیونکہ اپیلوں کی سماعت سے قبل سزا معطلی کی درخواست نہیں سنی جاسکتی اور موسم سرما کی تعطیلات کے باعث اپیلوں پر فوری سماعت نہیں ہوسکتی۔