لاہور(کرائم رپورٹر)سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیرک کے گردونواح میں مانیٹرنگ کیلئے اضافی کیمرے اور دیواروں پر برقی تار لگا دیئے گئے ، سکیورٹی ڈیوٹی پرماموراہلکاروں کی سپیشل برانچ سے رپورٹ بھی مانگ لی گئی۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کی کوٹ لکھپت جیل میں سکیورٹی بڑھادی گئی، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر نواز شریف کی سکیورٹی کیلئے وارڈ کے اطراف میں مزید کیمرے لگا دئیے گئے اور دیواروں پر دورویہ ننگے برقی تار بھی نصب کر دیئے گئے ۔جیل ذرائع کے مطابق اس سے پہلے بھی قیدیوں کی مانیٹرنگ کیلئے 100سے زائد کیمرے لگائے گئے ہیں جن سے قیدیوں کو مانیٹر کیا جاتا ہے ، لیکن نئے کیمرے نوازشریف کی سکیورٹی کیلئے خصوصی طور پر لگوائے گئے ہیں تاکہ ہرقسم کی آمدورفت سپرنٹنڈنٹ جیل خود مانیٹر کرسکیں۔ برقی تاروں کا مقصد ہے کہ کسی بھی صورتحال میں کوئی دوسرا قیدی سکیورٹی وارڈ میں داخل نہ ہوسکے ۔نوازشریف کی سکیورٹی پراسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اور وارڈرز کی خصوصی رپورٹ کیلئے سپیشل برانچ کو مراسلہ بھیج دیا گیا ہے ۔