لاہور(نمائندہ خصوصی سے ، 92 نیوزرپورٹ ) محکمہ داخلہ پنجاب نے درخواست ضمانت میں توسیع کے حوالے سے قائد ن لیگ نواز شریف کی فراہم کردہ میڈیکل رپورٹس کو نا کافی قرار دیتے ہوئے سابق وزیراعظم سے نئی میڈیکل رپورٹس طلب کرنے کے لئے حتمی خط بھجوا دیا،3 دن کے اندررپورٹس فراہم نہ کرنے کی صورت میں حکومت پنجاب درخواست ضمانت میں توسیع کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے اپنا فیصلہ کر دے گی جوسابق وزیر اعظم کے خلاف بھی ہو سکتا ہے ۔ذرائع کے مطابق سیکشن آفیسر(ایم پی ) محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے لندن میں مقیم نواز شریف کو مراسلہ ارسال کیاگیا ہے جس میں قرار دیا گیا کہ آپ کے کونسل خواجہ حارث نے 23دسمبر2019 کو جو میڈیکل رپورٹس پیش کیں وہ پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز کی سربراہی میں قائم میڈیکل بورڈکو بھجوائی گئیں،بورڈنے رپورٹس کو غیر تسلی بخش قراردے دیا ۔آپ کے کونسل خواجہ حارث کو 6جنوری 2020کو نئی میڈیکل رپورٹس فراہم کرنے کی درخواست ان ای میلز کی وساطت سے کی گئی جو انہوں نے محکمہ داخلہ پنجاب کو رابطے کے لئے دی تھیں۔13جنوری2020 کو بھی آپ کے کونسل خواجہ حارث اور عطاء اﷲ تارڑ کو لکھا کہ سپیشل میڈیکل بورڈ کو نئی رپورٹس درکار ہیں، تاکہ کیس کا فیصلہ ہو سکے ،آپ کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹس میں پلیٹ لیٹس کا ذکر ہے نہ کڈنی فنکشن، بون میرو،سی بی سی اورپی ای ٹی سکین کے بارے کچھ بتایا گیا،تیسرا خط لکھے بھی 8یوم گذر چکے ہیں لہذ اآپ اپنی نئی میڈیکل رپورٹس3یوم کے اندر اندر محکمہ داخلہ پنجاب کو پیش کریں۔