لاہور ( رانا محمد عظیم) سابق وزیراعظم نوازشریف کے جلا وطنی کے لئے معاہدوں،وزرائے اعظم، صدور کیخلاف سازشوں کا کچا چٹھا کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیاہے ۔ نوازشریف کے اپنے پرانے ادوار سے لیکر آج تک اپنی حکومتوں کے خاتمے کا ذمہ دار اہم ترین ادارے کو قرار دینے پر نوازشریف کا کچہ چٹھہ کھولنے کا فیصلہ ہو چکا ہے ۔ذرائع کے مطابق نوازشریف کے حوالے سے اہم چیزیں یکم جون کے بعد منظر عام پر لائی جائیں گی، نوازشریف نے پہلی مرتبہ وزیر اعلیٰ بننے کیلئے کس کی مدد حاصل کی اور سابق وزیر اعظم مرحوم محمد خان جونیجو کو اقتدار سے کس طرح علیحدہ کیا، اس کیلئے کیا کیا سازش کی، اس حوالے سے کئی اہم ثبوت سامنے لائے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق سابق صدر غلام اسحاق خان، سابق صدر فاروق لغاری، ان دونوں کے خلاف ان کو ہٹانے کیلئے کس طرح اہم ترین اداروں سے مدد مانگی گئی اور ان سے کیا درخواست کی گئی اور کس طرح خود اہم ترین اداروں کو ان معاملات میں مداخلت کیلئے بلوایا گیا، اس حوالے سے بھی اہم ثبوت جلد سامنے لائے جا رہے ہیں، پرویز مشرف کے حوالے سے کئی ایسی اہم چیزیں سامنے لائی جا رہی ہیں جس میں یہ ثابت ہو گا خود نوازشریف اس معاملے میں کیا چاہتے تھے اور ان کی مرضی سے کیا کیا ہوا، کئی ایسے معاہدوں کو بھی سامنے لائے جانے کی توقع ہے جو ابھی تک منظر عام پر نہیں آئے ، ان میں کئی ایسے خطوط اور دستاویزات شامل ہیں جونہ صرف نوازشریف کی پریس کانفرنس کی نفی کریں گی بلکہ کئی ایسی چیزیں بھی سامنے آئیں گی جس سے یہ ثابت ہو گا کہ نواز شریف نے کئی مرتبہ اہم ترین اداروں کو مختلف چیزوں میں ملوث کرنے کیلئے نہ صرف درخواست بھی کی بلکہ کئی مرتبہ تو اپنے چند ساتھیوں کو بھی ان کی مدد لینے کیلئے بھیجا۔ذرائع کے مطابق نوازشریف نے کتنی مرتبہ اہم اداروں کو سیاست میں ملوث کرنے کی کوشش کی، اس حوالے سے بھی اہم ثبوت سامنے لائے جارہے ہیں جبکہ پنجاب کے اندر کا لعدم تنظیموں سے روابط اور جنوبی پنجاب میں پولیس کے ذریعے ان کو تحفظ دینے کے حوالے سے بھی اہم ثبوت سامنے لائے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کے غیرملکی قوتوں سے رابطوں کے حوالے سے بھی چیزیں سامنے لائی جائیں گی۔