لاہور(جوادآراعوان) نیب عدالت سے سزا یافتہ مریم نواز کے سوشل میڈیا سیل نے نواز شریف اور مریم کی پاکستان واپسی پر بننے والی ممکنہ صورتحال کے حوالے سے مختلف افواہیں پھیلا رکھی ہیں جبکہ انہوں نے سوشل میڈیا پر فرضی ناموں سے بہت سارے اکاؤنٹ بنا کر ملک کی اعلی عدلیہ اور فوج کے خلاف پروپیگنڈے کو بھی تیز کر دیا ہے ۔اعلیٰ سرکاری ذرائع نے روزنامہ 92نیوز کو بتایا ہے کہ نیب عدالت سے سزا یافتہ مریم نواز کا سوشل میڈیا سیل نواز شریف اور مریم کی پاکستان واپسی پر گرفتاری کو سیاسی شو بنانے کے لئے مختلف افواہیں پھیلا رہا ہے ۔مریم نواز کا سوشل میڈیا سیل سے جڑے لوگ فرضی ٹوئٹر،فیس بک اور وٹس ایپ اکاونٹ بنا کر اعلی عدلیہ ،فوج اور آئی ایس آئی کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہے ہیں ، اعلی سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ملکی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں کو ٹریس کیا جا رہا ہے ،ابھی تک تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ بیشتر مریم سوشل میڈیا اکاؤنٹس بیرون ملک سے آپریٹ کئے جا رہے ہیں جن میں یورپی ممالک،امریکہ اور بعض اکاؤنٹ نیو دہلی اور ممبئی سے بھی چلائے جا رہے ،اکاؤنٹس کو جعلی آئی پی ایڈریس اور ملٹی پراکسیز کی کور میں چلایا جا رہا ہے تا کہ اصل لوگوں کی شناخت کو چھپایا جا سکے ۔