لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) نگران وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ نوازشریف کیخلاف ریفرنسز کی جیل میں سماعت کافائنل فیصلہ کابینہ کریگی ، پولنگ سٹیشن کے اندر اورباہر فوجی جوانوںکی تعیناتی الیکشن کمیشن کی درخواست پر کی گئی ہے جس کامقصد لوگوں اورووٹرز کو سکیورٹی فراہم کرنا بھی ہے جبکہ تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا کہ روپے کی قدر میں بے قدری نگران حکومت کی نااہلی ہے ۔92نیوز کے پروگرام ہوکیارہاہے میں میزبان اسد اﷲ خان سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر نے پیمرا پر پابندی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جوا ب میں کہا کہ حکومت کا کسی اخبار کی ڈسٹری بیوشن سے کوئی تعلق نہیں البتہ سنسر شپ سے حکومت کا تعلق ہوتا ہے ۔ہم نے اس حوالے سے سینٹ کی کمیٹی سے رابطہ کیاہے اور وہ اس کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ نیب ایکٹ کے آرٹیکل 16کے تحت نوازشریف کیخلاف ریفرنسز کی سماعت اڈیالہ جیل میں سکیورٹی کے باعث کی جائے گی اور اس حوالے سے نیب نے درخواست کی تھی۔ نوازشریف کا ٹرائل اوپن ہی ہوگا۔یہ عارضی طور پر کیا گیا ہے ۔اس کیس میں ٹرائل احتساب عدالت میں ہی ہوگا اس کا فائنل فیصلہ کابینہ نے کرنا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے وکیل نے اعتراض کیا تھا کہ احتساب عدالت کے جج اس کیس کو نہ سنیں جس کے بعد احتساب عدالت کے جج نے سماعت سے انکار کیا۔ ایک اورسوال کے جواب میں بیرسٹرعلی ظفر نے کہا کہ نوازشریف کو ان کی صحت کے مطابق ادویات کی فراہمی ہونی چاہئے مجھے نہیں لگتا ہے کہ ایسا نہیں ہورہا ہوگا ۔ مریم نواز کی سہالہ ریسٹ ہائوس منتقلی یا نہ اڈیالہ جیل میں رکھنے کے حوالے سے پنجاب حکومت ہی بہتر جواب دے سکتی ہے لیکن میری ذاتی رائے ہے کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہئے ۔تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا کہ اگر شہبازشریف نے واقعی نوازشریف کو دھوکہ دیاہے تو اسکا تو پی ٹی آئی کو فائدہ ہوا ہے لیکن ا س حوالے سے پی ٹی آئی کاشور کرنا درست نہیں ، عمران خان کو تو بہت خوش ہونا چاہئے کہ چھوٹے بھائی نے بڑے بھائی کو دھوکہ دیا ہے ۔شہبازشریف کو بتانا چاہئے تھا کہ اصل پلان کیا ہے ۔خواجہ آصف کہتے ہیں کہ ایئر پورٹ جانے کا ہمارا کوئی پلان نہیں تھا۔ صوبائی اور وفاقی حکومت کے درمیان مکمل ہم آہنگی ہے اورسب کچھ ملی بھگت کے ساتھ ہورہا ہے اورمریم نواز کو سہالہ بھیجنا یا نہ بھیجنا دونوں کا فیصلہ ہے ۔ ایک سوا ل کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قدر میں اضافہ اور روپے کی قدر میں بے قدری نگران حکومت کی نااہلی ہے اورموجودہ وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کوئی قابل خاتون نہیں ہیں۔ 2002میں بھی مشرف نے فوج کی نگرانی میں الیکشن کرائے تھے ۔