لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پاکستان کے کروڑوں مریض ہسپتالوں میں ڈاکٹرز سے علاج کراتے ہیں اور صحت یاب ہوتے ہیں ،مریم نوازجو اپنے باپ کی صحت کے حوالے سے شورکررہی ہیں ، لیب کی جو نئی رپورٹ ہے وہ بالکل ٹھیک ہے ، نوازشریف کے علاج پر کسی قسم کی کوتاہی اور سیاست نہیں کی۔92نیوزکے پروگرام’’نائٹ ایڈیشن‘‘میں گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا جیل میں وہ اکیلے شخص تو نہیں جو بیمار ہیں ۔ن لیگ کے رہنما طارق فضل چودھری نے کہا یہ سمجھنا بیوقوفی کی بات ہے کہ نوازشریف سزا یا جیل سے ڈرتے ہیں جہاں تک میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کی بات ہے تو نوازشریف کو چا ر ہسپتالوں کی سیر کرائی گئی اور انہیں وہاں رکھا گیا ایک بھی ہسپتال ایسا نہیں تھا جس میں ان کی تمام امراض کا بہتر طور پر علاج ہوسکتایہ صرف ایک مذاق بنایا گیا ،یہ کہنا کہ ابو بچاؤمہم چل رہی ہے یہ بیکار سی باتیں ہیں ۔تجزیہ کار ظفر ہلالی نے کہا حکومت نے ایک مریض کیلئے جیل کو آئی سی یو کردیا،یہ گیم صرف ججز کو پریشر ائز کرنے کیلئے کی جارہی ہے ، انہوں نے جرم کیا اور جرم پر سزا ہوئی ،مریم صاحبہ شور مچارہی ہیں ،سب لوگ اب جیل جارہے ہیں، زرداری اور بلاول کیخلاف بھی کیس آگیا۔دفاعی تجزیہ کار جنرل ریٹائر اعجاز اعوان نے کہا کہ مودی کا کوئی اصل چہرہ نہیں بلکہ یہ ’’بغل میں چھری ، منہ میں رام رام ‘‘ہے ،کشمیر میں ظلم وبربریت پر پاکستان خاموش نہیں رہ سکتا۔حریت کانفرنس کے رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ تاریخ دیکھ لیں تو انہوں نے پہلے بھی تنظیموں پر پابندی لگائی مگر انہیں پابندی لگا کر کیا ملا ، مودی پابندیا ں لگا کر عوام کو مشتعل کررہے ہیں۔تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت نے کہا ہے کہ کراچی کے سرکاری کوارٹرز کے مسئلے کے حل کیلئے سبز باغ نہیں دکھا رہے ،29مارچ کو عمران خان کراچی آرہے ہیں،کوارٹرز میں رہنے والے لوگوں کے مسائل حل نہ ہوئے تو عامر لیاقت ممبر قومی اسمبلی نہیں رہے گا۔