لاہور ،اسلام آباد(نمائندہ خصوصی سے ،نیٹ نیوز) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے اپنی ہی جماعت کی پنجاب حکومت کی طرف سے کئے گئے سابق وزیراعظم نواز شریف کے میڈیکل ٹیسٹ کو مشکوک قرار دیدیا۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں فواد چودھری نے کہا کہ آخر نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس برطانیہ سے کیوں نہیں بھجوائی جارہیں؟ بظاہر اس کی ایک ہی وجہ ہے کہ برطانیہ میں ہونے والے ٹیسٹ پاکستان میں ہونے والے میڈیکل ٹیسٹ سے مختلف ہیں اور برطانوی ڈاکٹر نواز شریف کو شدید بیمار قرار دینے سے ہچکچا رہے ہیں۔ فواد چودھری نے ایک اور پوسٹ میں لکھا کہ اس کا ایک مطلب یہ ہے کہ پنجاب حکومت نے جو میڈیکل ٹیسٹ کرائے وہ مشکوک تھے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ان حالات میں پنجاب حکومت کو ایک انکوائری بٹھانی چاہیے جو محکمہ صحت، لیبارٹری اور ڈاکٹر صاحبان کی شریف خاندان سے ملی بھگت کے معاملے کا جائزہ لے اور عوام کے سامنے مکمل حقائق رکھے ۔ فواد چوہدری کے ٹویٹ کا جواب میں سابق وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عدالت کے وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق نوازشریف کی تمام میڈیکل رپورٹس جمع کرائی گئیں ۔ایسے بیانات دے کر فواد چوہدری کا وزیراعلی بننے کا ارمان پورا نہیں ہوگا ۔ فواد چودھری کے بیان کا ایک مطلب یہ ہے کہ وہ پنجاب حکومت اور بزدار صاحب کو فراڈ اور مشکوک قرار دے رہے ہیں۔فواد صاحب ایسی تحقیقاتی کمیٹی کا مطالبہ کریں جو معلوم کرے کہ پنجاب کے لوگوں کو مفت دوائی اور علاج پر پابندی کس نے لگائی، ترقی کیوں رْک گئی۔