اسلام آباد (لیڈی رپورٹر) اسلام آباد ہائیکورٹ نواز شریف کی العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سزا معطلی کی درخواست کا فیصلہ آج سنائیگی ۔جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ دن 12بجے فیصلہ سنائیگا۔ سابق وزیر اعظم نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی 7سال قید کی سزا معطل کر کے ضمانت پر رہا کرنے کی درخواست دائر کی تھی جس پر سماعت مکمل ہونے پر 20 فروری کو فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا ۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے مختلف میڈیکل بورڈز کی رپورٹس کی روشنی میں طبی بنیادوں پر سزا معطل کر کے ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کی تھی جبکہ نیب کی جانب سے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دینے کی استدعا کی گئی۔