ٹوکیو (سپورٹس ڈیسک) نواں رگبی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ آج سے جاپان میں شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلیں گئی ہیں۔ میگا ایونٹ میں 20 مختلف ممالک کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کرینگی۔ میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی 20 ٹیموں میں آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ، میزبان جاپان، روس، ساموا، دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، اٹلی، نمیبیا، کینیڈا، انگلینڈ، فرانس، ارجنٹائن، امریکہ، ٹونگا، آسٹریلیا ویلز، جارجیا، فجی اور یوروگوئے شامل ہیں۔تمام 20 ٹیموں کو چار مختلف پولز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ پول اے میں آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ، میزبان جاپان، روس اور ساموا شامل ہیں۔پول بی میں دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، اٹلی، نمیبیا اور کینیڈا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پول سی میں انگلینڈ، فرانس، ارجنٹائن، امریکہ اور تونگا کی ٹیمیں شامل ہیں اور پول ڈی میں آسٹریلیا ویلز، جارجیا، فجی اور یوروگوئے کی ٹیمیں شامل ہیں۔