صنعاء (این این آئی)یمن کی آئینی فوج نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے ایک قافلے کو حملے میں تباہ کرنے اور شدت پسند گروپ نے فیلڈ کمانڈر سمیت 29 جنگجوئوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق یمنی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ حوثی باغیوں کے کانوائے پرحملہ صعدی گورنری کی باقم ڈاریکٹوریٹ میں کیا گیا۔ یہ گورنری حوثی ملیشیا کا گڑھ سمجھی جاتی ہے ۔ازال محاذ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل کنعان الاحصب نے بتایا کہ حوثی باغیوں کا ایک قافلہ جبل عواع اور وادی ثعبان میں درندازی کی کوشش کررہا تھا۔ اس دوران سرکاری فوج نے اس پرحملہ کرکے اسے مکمل طور پرتباہ کردیا۔یمن کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق الاحصب نے بتایا کہ اس کارروائی کے نتیجے میں حوثی ملیشیا کے 29جنگجوہلاک اور زخمی ہوگئے ، جن میں ، منبہ 2کے نام سے جاری آپریشن کا انچارج اورسینئر فیلڈ کمانڈر بھی شامل ہے ۔