Common frontend top

نوجوانوں کو تعلیم، صحت، روزگار کے مواقع کی فراہمی اولین ترجیح ہے : وزیر اعظم

جمعرات 15 نومبر 2018ء





اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ نوجوانوں کو تعلیم، صحت، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور ان کی ہر شعبے میں شمولیت یقینی بنانا تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔غریب خاندانوں کے نوجوانوں کو غربت سے نکالنے اور ان کو باعزت روزگار کی فراہمی میں مددفراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام عثمان ڈار، وزیرِ اعظم کے معاونین خصوصی نعیم الحق اور افتخار درانی، سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر اعظم خان اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں وزیر اعظم کو پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ وزیر اعظم نے کہا 35 سال سے کم عمر 13 کروڑ آبادی ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے جو ملک کی تقدیر بدل سکتا ہے ۔نوجوانوں کی تعلیم، صحت، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور انکی ہر شعبے میں شمولیت کو یقینی بنانا پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ گذشتہ دور میں خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے نوجوانوں کیلئے شروع کئے گئے مختلف پروگراموں کے تجربے سے استفادہ کرتے ہوئے پورے ملک کیلئے جامع اور مفصل پروگرام مرتب کیا جائے جس میں نہ صرف معیاری تعلیم، صحت کی سہولتوں اور روزگارکے مواقع کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے بلکہ غریب خاندانوں کے نوجوانوں کو غربت سے نکالنے اور ان کو باعزت روزگار کی فراہمی میں مدد فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے ۔وزیرِ اعظم نے کہا نوجوانوں کیلئے خصوصی پورٹل کا اہتمام کیا جائے تاکہ وہ براہ راست حکومت تک اپنی آرائ، تجاویز اور شکایات پہنچا سکیں تاکہ مستقبل کی پالیسیاں ان تجاویز کی روشنی میں مرتب کی جا سکیں۔وزیر اعظم کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمودنے قومی تعلیمی پالیسی کے فریم ورک پر تفصیلی بریفنگ دی جس میں تعلیم سے محروم سکول کے بچوں،تعلیمی معیاراور مہارت کی ترقی سے متعلق مختلف چیلنجوں کی نشاندہی کی ۔انہوں نے بتایا کہ قومی تعلیمی پالیسی کا فریم ورک تیار کیا جارہا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام بچوں کواعلی تعلیم کے حصول کیلئے برابر اور منصفانہ مواقع فراہم کئے جاسکیں ۔شفقت محمود نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں قومی نصاب کونسل قائم کی جائے تاکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جاسکے ۔ وزیراعظم عمران خان سے سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم کی زیرصدارت وزیراعظم معائنہ کمیشن کا اجلاس ہوا ۔ وزیراعظم معائنہ کمیشن کے چیئرمین احمد یار ہراج نے کمیشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں