اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ کوشش ہے نوجوان آبادی کو روزگار فراہم کیا جائے تاکہ یہ ملک کو ترقی دے سکیں، دنیا بھر میں روزگار پرائیویٹ سیکٹر میں ملتا ہے یا لوگ اپنا کاروبار شروع کرتے ہیں، ایک لاکھ 70 ہزار سکل ایجوکیشن کیلئے سکالرشپس دے رہے ہیں، نوجوانوں کو اپنے کاروبار کیلئے 100 ارب روپے کے قرضے میرٹ پر دیں گے ، ہر سال نوجوانوں کے لئے فنڈز میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں جوانوں کے لئے ویڈیو پیغام میں کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں سرکاری ملازمت مل جائے لیکن حکومت کے لئے تمام نواجونوں کو سرکاری ملازمت فراہم کرنا ممکن نہیں، پہلے ہی سرکاری ملازمین کی تعداد زیادہ ہے اور پنشن کابل بڑھ رہا ہے تاہم حکومت اس سلسلے میں بھی روزگار کے پروگرام متعارف کرارہی ہے ۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید،وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے ملاقات کی۔نمائندہِ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر اشرفی بھی وزیراعظم سے ملے ۔ملاقات میں وقف املاک ایکٹ پر وفاقی وزیرِ مذہبی امور کی سربراہی میں قائم ہونے والی کمیٹی اور اسکے علماء اور مشائخ کے تحفظات دور کرنے میں مثبت کردار پر گفتگو کی گئی۔ وزیرِ اعظم نے علماء مشائخ سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے امتِ مسلمہ کی وحدت کی کوششوں کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔