اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،وقائع نگار ،92 نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں ) حکومت نے نوازشریفکو15جنوری تک واپس لانے کااعلان کردیا۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا نواز شریف کو وطن واپس لانے کیلئے تمام ذرائع استعما ل کر رہے ،15جنوری تک نواز شریف کوٹ لکھپت یا کسی اور جیل میں ہوں گے ،کرپشن زدہ اپوزیشن کا اصل ٹھکانہ جیل ہے ،لوٹا گیا پیسہ بھی وصول کرینگے ۔ یہ بہت سیانے ہیں، جنوری میں حکومت جانے کی بات کرتے ہیں مگر سال نہیں بتاتے ، ان کو 2028 میں بھی موقع نہیں ملے گا۔پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی سیاست جھوٹ ،منافقت اور ریا کاری پر مبنی ہے ،ان کے اندرونی سیاسی تضادات سامنے آرہے ہیں۔یہ جو ایک دوسرے کیساتھ کھیل رہے ہیں اس سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں،یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے جمہوریت کو کمزور کیا۔ صفدر اعوان کی گرفتاری سے وفاق کا کوئی تعلق نہیں ،سندھ پولیس نے گرفتاری کی ، سندھ حکومت ہی جوابدہ ہے ۔ کراچی واقعے پر مریم نواز اور سندھ حکومت کے بیانات متضاد ہیں، لگتا ہے بلاول نے ان سے اپنی والدہ کا بدلہ لے لیا ۔ووٹ کو عزت دو کے دعویداروں نے اپنے دور میں نوٹ کو عزت دی۔ مجھ سے میرا چھوٹا بیٹا کہتا ہے بابا یہ تو جھوٹے ہیں ،آپ ان کو جواب کیوں دیتے ہیں ۔ ان لوگوں کے ناٹک اپنی جگہ حکومت معیشت کو مزید مستحکم کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے ۔ تارکین وطن عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کررہے ،ہر آنے والے دن ترسیلات میں اضافہ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔اسحاق ڈار کرپشن اور ڈالر کو مصنوعی کیپ پہنانے کا ماہر ہے ، اسحاق ڈار کی وجہ سے عالمی سطح پر پاکستان کو خفت کا سامنا کرنا پڑا ۔ اسلام آباد(خبر نگار خصوصی ، سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں )وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے عدلیہ نے ہمیشہ نوازشریف کا ساتھ دیا۔لاہور ہائیکورٹ سے کہا تھا7ارب روپے کا گارنٹی بانڈ مانگیں۔عدلیہ نے ہماری بات نہیں مانی اور شہبازشریف کی گارنٹی لے لی۔ وزیر اعظم بورس جانسن سے خود بات کروں گا۔نوازشریف کو ڈی پورٹ کرانے خود جانا پڑا تو جائوں گا۔ جنرل باجوہ بتاتے تھے ن لیگ والے خفیہ ملنے آتے ہیں۔میرے خیال میں اپوزیشن سے ملنا غلطی تھی۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا الیکشن سمیت ہر چیز کیلئے تیار ہوں مگر این آراو نہیں دوں گا۔ اپوزیشن مجھ سے این آر او حاصل کرنے کیلئے فوج اور عدلیہ پر دباؤ ڈال رہی ہے ، پہلے میرے پیچھے پڑے تھے لیکن اب فوج کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔ میرا اور آرمی چیف کا ایک مقصد ہے کہ ملکی صورتحال کو بہتر کریں، اسی لئے سول ملٹری ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے فوج کیخلاف جو زبان استعمال کی وہ دشمن بھی نہیں کرتا۔ یہ میری قبر بھی کھود دیں ان کو معاف نہیں کروں گا۔اب پاکستان بچے گا یا یہ لوگ ۔ آئی جی سندھ کے اغوا کا سن کر مجھے ہنسی آتی ہے ۔ میں ان سب کو جانتا ہوں یہ کیا تھے اور کیا بن گئے ۔ دس سال پہلے کہا تھا یہ سب اکٹھے ہونگے ۔ شہبازشریف کیخلاف ایسے شواہد مل گئے ہیں کہ وہ بچ نہیں سکے گا۔بھارت کا میڈیا پراپیگنڈا کررہا ہے پاکستان میں خانہ جنگی شروع ہوگئی ۔ بھارتی میڈیا نوازشریف کی تعریف اور پاک فوج کی برائیاں کررہا ہے ۔ 70سال میں بھارت نے پاکستان کی اتنی مخالفت نہیں کی جتنا وہ آج پاکستان کے اینٹی چل رہا ہے ۔ یہ سارے لوگ بھارت، اسرائیل اور ملک دشمن لابی سے ملے ہوئے ہیں، بھارت چاہتا ہے پاکستان کے تین ٹکڑے ہوں لیکن انہیں فوج سے ڈر ہے ۔فیٹف کے معاملے پر این آراو لینے اوربلیک میلنگ میں یہ ناکام ہوئے تو باپ بیٹی باہر نکل آئے ۔اپوزیشن کا بیانیہ ملک دشمنوں کو خوش کرنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے جتنے بھی بجلی کے معاہدے کئے ان سے دنیا میں سب سے مہنگی بجلی حاصل ہورہی ہے ۔انہوں نے بجلی کے منصوبوں میں پیسہ بنایا ۔ماضی کے حکمرانوں نے ہمیں گیس کے کنٹریکٹ میں پھنسایا ہوا ہے ۔ آج گیس 40فیصد سستی مل رہی ہے مگر ہم نہیں لے سکتے ۔ ایک ہفتے تک مہنگائی نیچے آنا شروع ہوجائے گی،قوم پر اس طرح کی مہنگائی دوبارہ نہیں آنے دینگے ۔ سینٹ انتخابات کیلئے تیاری کررہے ہیں۔الیکشن ہوا تو میں پھر اکثریت سے جیتوں گا۔قوم سے کہتا ہوں میرا ساتھ دیں تاکہ ان کے مسائل حل کروں۔وزیر اعظم کی سربراہی میں حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی سیاسی صورتحال بالخصوص اپوزیشن کی حالیہ سرگرمیوں پر تبادلہ خیال اور اپوزیشن کی مہم پر حکومتی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں اپوزیشن کیخلاف جارحانہ حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا اپوزیشن کا بیانیہ بھارت کی پاکستان مخالف مہم کا حصہ ہے ۔اپوزیشن سول ملٹری تعلقات خراب کرنے کی ناکام کوشش کررہی جس کیلئے انہیں عالمی لابی کی حمایت حاصل ہے لیکن وہ جان لیں حکومت اورادارے ملکی سالمیت اور بقا کیلئے ایک پیج پر ہیں، ملک و قوم کا پیسہ لوٹنے والوں کیخلاف احتساب کا عمل منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں سے سختی سے نمٹاجائے گا ۔وزیراعظم سے گورنرسندھ عمران اسماعیل اور معروف کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی نے ملاقات کی۔عقیل کریم ڈھیڈی نے صنعتوں کے فروغ سے متعلق وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے کہا چھوٹے اوردرمیانے درجے کی صنعتوں کوسہولتیں دے رہے ہیں۔صنعتی عمل کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،اس سے نہ صرف معاشی عمل میں تیزی آئے گی بلکہ نوجوانوں کیلئے نوکریوں کے مواقع اور دولت کی پیداوار کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم سے پی ٹی آئی سندھ کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے وفد نے ملاقات کی،ملاقات کرنیوالوں میں اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل شیخ ، خرم شیر زمان ، اشرف قریشی، آفتاب صدیقی،عطااللہ شامل تھے ۔ وفاقی وزرا اسد عمر، علی حیدر زیدی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی ملاقات میں موجودتھے ،ملاقات میں سندھ سے متعلقہ امور اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا،ملاقات میں کے فور اور کے سی آر منصوبے پر پیشرفت پر بھی غورکیاگیا۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان آج میانوالی کا ایک روزہ دورہ کریں گے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم چاپری میں منی ڈیم کاسنگ بنیاد رکھیں گے ،وزیراعظم ’’خٹک بیلٹ‘‘میں صاف پانی کے پہلے منصوبے کا افتتاح کریں گے ۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزداراوراہم حکومتی شخصیات بھی میانوالی پہنچیں گی۔وزیر اعلیٰ عثمان بزداروزیراعظم کوترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دیں گے ۔وزیراعظم کیڈٹ کالج میں مقامی لوگوں سے خطاب کریں گے اور نمل یونیوسٹی میں تقریب میں شریک ہوں گے ۔