لاہور(جنرل رپورٹر،سٹاف رپورٹر،92نیوزرپورٹ،آن لائن) سروسز ہسپتال میں چھ روز سے زیر علاج قائد مسلم لیگ ن اورسابق وزیراعظم نواز شریف کی حالت بدستورتشویشناک ہے اور ان کے گردے بھی متاثر ہونے لگے ہیں،انہیں انجائنا کی بھی تکلیف ہے ۔ہسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کے پلیٹ لیٹس میں ایک بار پھر کمی آ گئی اوریہ45سے دوبارہ25ہزار پر آگئے ہیں جس کے بعد خون پتلاکرنے والی دوائی بندکردی گئی ہے ، میڈیکل بورڈ نے گزشتہ روزپھرنوازشریف کا تفصیلی طبی معائنہ اورمختلف ٹیسٹ کئے ۔ نواز شریف کی صحت کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے انہیں ڈسچارج نہیں کیا جا رہا۔نواز شریف کا علاج کرنے والے میڈیکل بورڈ میں ماہر امراض قلب ڈاکٹرزبیر کو بھی شامل کرلیا گیا ۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کا 5 روزہ انجکشن کا کورس آج پورا ہو جائے گا جس کے بعد نیا علاج شروع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ، اس حوالے سے مشاورتی اجلاس بھی بلا لیا گیا ہے ۔نواز شریف کا علاج کرنے والے میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر محمود ایاز نے کہا نواز شریف کی طبیعت قدرے بہتر اور پلیٹ لیٹس کی تعدادمستحکم ہے ،پلیٹ لیٹس میں کمی دل کی ادویات کے استعمال سے ہوئی،دل کے دورے کے بعد سابق وزیراعظم کو ہیپرین نامی گولی بھی دی گئیں لیکن اب اس گولی کومیڈیکل بورڈ نے روک دیا ،نوازشریف کو ایمونو گلوبلین کے انجکشن بھی لگائے جارہے ہیں جس سے پلیٹ لیٹس کی تعدادبڑھ جائیگی،ان کی کچھ ادویات میں تبدیلی کی گئی ہے ۔جب تک ان کا علاج پورا نہیں ہو جاتا یا جب تک خود نواز شریف کسی دوسرے ہسپتال منتقل ہونے کا نہیں کہتے تب تک انہیں سروسز ہسپتال میں ہی رکھ کر علاج معالجہ فراہم کیا جائے گا،یہ نواز شریف کا حق ہے کہ وہ یہاں رہنا چاہتے ہیں یا کسی اور ہسپتال جانا چاہتے ہیں،انہوں نے کسی اور جگہ جانے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا، شریف خاندان نے بھی نواز شریف کو سروسزہسپتال کے سواکہیں اورمنتقل کرنے کی بات نہیں کی، دل کے عارضہ کے علاج کیلئے پی آئی سی کے 14ڈاکٹرزکی خدمات حاصل کرلی گئیں۔نواز شریف کی 24گھنٹے نگہداشت کیلے پی آئی سی کے ڈاکٹروں کا ڈیوٹی روسٹر بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔نواز شریف کی والدہ شمیم بیگم،بھائی شہباز شریف،مریم نوازکے صاحبزادے جنید صفدر ،شمیم بیگم کی بہن کوثر بی بی،جاوید ہاشمی اور مریم اورنگزیب نے نواز شریف کی عیادت کی۔مریم اورنگزیب نے کہا سابق وزیراعظم کو فوری کسی دوسرے ہسپتال منتقل نہیں کیا جا رہا، ان کی طبیعت بدستور خراب ہے ،عوامدعا کریں۔جاوید ہاشمی نے کہانواز شریف ملک کا اثاثہ اور مستقبل ہیں، ان کی صحت کے لئے دعا گوہیں،حکمرانو سن لو،نواز شریف وقت کی آواز ہیں اور یہ آواز دبائی نہیں جاسکتی۔