لاہور( حنیف خان)مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے پنجاب کی پارٹی قیادت کو تنظیمی ڈھانچہ دو ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ڈیڈلائن دیدی۔ڈویژنل،ضلعی اور ونگز کا تنظیمی ڈھانچہ مکمل کرنے کے لئے مسلم لیگ (ن)کے صدر رانا ثناء اﷲ ،رانامشہود اور راناارشدکوٹاسک سونپا گیا ہے جودو ماہ کے اندر تنظیمی ڈھانچہ مکمل کرکے شہبازشریف کوآگاہ کریں گے ۔مسلم لیگ (ن) نے پارٹی تنظیم کے حوالے سے مرکزی اور صوبائی قیادت کی نامزدگی گزشتہ سال کی تھی جبکہ ڈویژنل اورڈسٹرکٹ سطح پرتنظیم سازی اور پارٹی کے مختلف ونگزکی تشکیل بھی ہوناباقی ہے ۔ مرکزی اور صوبائی تنظیموں کی نامزدگی کے بعد ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کے تنظیمی ڈھانچے اورپارٹی کے مختلف ونگز کو مکمل کرنے کے لئے اس سے قبل چار مرتبہ ہدایات جاری کی جاچکی ہیں لیکن پارٹی کی گراس روٹ لیول پر تنظیم سازی نہیں کی گئی ۔سینئر پارٹی رہنما ئوں کے مطابق پارٹی کے مختلف گروپس کی آپس کی رسہ کشی ،ڈویژنل اورضلعی قیادتوں کے لئے اپنے امیدواروں کی نامزدگی،پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت کے کلیدی عہدیداروں کی گرفتاری کی وجہ سے تنظیم سازی کا عمل پورا نہیں ہوسکا۔ مسلم لیگ (ن)پہلے مرحلے میں ڈویژن ،دوسرے مرحلے میں ضلعی سطح پر تنظیمی ڈھانچہ مکمل کرے گی جبکہ تیسرے مرحلے میں پارٹی ونگز تشکیل دیئے جائیں گے ۔پارٹی ونگز میں وکلا ،کلچرل،کسان،لیبر اور علماء مشائخ ،یوتھ ،خواتین اور دیگر شامل ہیں۔