اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر ڈیل کے امکانات کو مسترد کردیا۔وزیراعظم سے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں حکومت کے آئینی اور قانونی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ایک بار پھر کسی بھی قسم کی ڈیل کے امکانات مسترد کردیا اور ’نوڈیل، نو کمپرومائز‘ کا دو ٹوک موقف اپنایا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پہلی مرتبہ احتساب کا عمل سیاسی مداخلت سے آزاد ہے جو جاری رہے گا۔ذرائع نے بتایا وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق کہا کہ پوری توجہ کشمیر کاز پر مرکوز ہے ، جنرل اسمبلی میں خطاب اہم ہوگا۔وزیراعظم سے ملاقات میں بابر اعوان نے کہا کشمیرکے معاملے پر حکومت کی جارحانہ حکمت عملی درست اقدام ثابت ہوا، پہلی بار کامیاب خارجہ پالیسی کے باعث پوری دنیا میں کشمیر کا مقدمہ سنا گیا۔بابر اعوان نے مزید کہا ڈیل کی خبریں پھیلانے والوں کو مایوسی ہو گی۔وزیراعظم سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے سابق ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے بھی ملاقات کی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں ڈاکٹر شہباز گل نے پنجاب حکومت کے امور اور وزیراعلیٰ سے اپنے اختلاف اور استعفے کی وجوہات سے آگاہ کیا ۔ انھوں نے وزیراعظم کے سامنے اپنی پوزیشن کلیئر کرنے کی ہرممکن کوشش کی جبکہ وزیر اعظم نے اس ساری صورتحال پر غصے اور ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور ایسی باتوں کو حکومت کیلئے نقصان دہ قرار دیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیرصدارت نیوبالاکوٹ سٹی پراجیکٹ سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نیو بالاکوٹ سٹی پراجیکٹ پر تیزی سے عملدرآمد ممکن بنانے کیلئے کلیمز سے متعلق معامالات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے رکے ہوئے منصوبوں کی بحالی کے لئے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا نئے شہر کا مقام مقامی اور بین الاقوامی سیاحت کو راغب کرنے کی بہت زیادہ صلاحیتوں کا حامل ہے ۔ سیاحت کے شعبے میں ترقی کے حوالے سے دستیاب ذرائع کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا مختلف سیاحتی مقامات پر سیاحت کے مراکزکی ترقی سے نہ صرف ملک کی سیاحت کی صلاحیت اجاگر ہوگی بلکہ یہ لوگوں کے لئے روزگار کے زیادہ مواقع پیدا ہونے کا بھی سبب ہوگا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ نئے شہر کی تعمیر کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل پر عمل کیا جائے ۔وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی رہنمائوں و ترجمانوں کا اجلاس بھی ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر واضح کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی ہر فورم پر حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ دنیا نے دیکھ لیا بھارت مقبوضہ کشمیر میں حالات نارمل ہونے سے متعلق جھوٹ بولتا رہا۔