لاہور( سٹاف رپورٹر) امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ نومنتخب حکمران ملکی سلامتی و خودمختاری کا تحفظ اورجراتمندانہ رویہ اختیار کریں۔سابق ادوار میں ڈالروں کے حصول کی خاطر بیرونی دباؤ پر پالیسیاں مرتب کی جاتی رہیں۔ گزشتہ روز کارکنان و ذمہ داروں اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ مفاد پرستی کی سیاست نے ملک کو بہت نقصان پہنچایاہے ۔ بیرونی قوتیں مذموم منصوبہ بندی کے تحت ملک میں انتشار و افتراق کی فضا پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ ہمیں ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا ہے ۔ دنیا میں فساد اور بگاڑ کی جڑ اﷲ کے دین سے دوری ہے ۔مسلمان ملکوں میں سازش کے تحت سیکولرازم اور لبرل ازم کوفروغ دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔مسلمان اپنے مسائل حل کرنے کیلئے بیرونی قوتوں کی طرف دیکھنا چھوڑ دیں۔ جو حکمران قرآن و سنت کے مطابق فیصلے کرنیوالا اور اﷲ کا فرمانبردار ہو گا وہ حکومتی امور میں غلطیوں سے بچتا رہے گا۔ ملی مسلم لیگ پارٹی بازی کے بجائے وطن عزیز میں اتحادویکجہتی کی سیاست کریگی۔ ہم سیاست کی اصلاح چاہتے ہیں۔نظریہ پاکستان اور خدمت انسانیت کی بنیاد پر میدان سیاست میں قدم رکھا۔ ملکی ترقی اورمعیشت کی مضبوطی کیلئے ضروری ہے کہ حکمران رب کی نافرنیاں ترک کر دیں۔ ہم نے پاکستان میں دفاع کی بنیاد پر اتحاد ویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا اور بیرونی قوتوں کی مداخلت کے راستے بند کرنے ہیں۔ہم استحکام پاکستان کو اولیت دیتے ہیں۔