لاہور(خصوصی رپورٹر،این این آئی )تحریک انصاف کے امیدوار سردار عثمان بزدار نے وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر حمزہ شہباز سے ان کی نشست پر جا کر مصافحہ کیا ۔ عثمان بزدار نے وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد ایوان میں اظہار خیال کیا جس کے بعد بالترتیب حمزہ شہباز،معاویہ اعظم اور علی حیدر گیلانی نے بھی خطاب کیا ۔ اس کے بعد نو منتخب وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اپنی نشست سے اٹھ کر حمزہ شہباز کی نشست پر گئے اور ان سے مصافحہ کیا اور اس کے بعد انہوں نے اگلی نشستوں پربیٹھے تمام لیگی اراکین سے بار ی باری ہاتھ ملایا۔پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے ایوان میں موجود ہونے کے باوجود تقریر نہ کی ۔ (ن) لیگ کے پارلیمانی لیڈر حمزہ شہباز نے جب اپنی تقریر مکمل کی تو سپیکر پرویز الٰہی کی جانب سے پیپلز پارٹی کے حسن مرتضیٰ کا نام پکارا گیا لیکن انہوں نے ایوان میں موجود ہونے کے باوجود تقریر نہ کی اور علی حیدر گیلانی کی جانب اشارہ کر دیا ۔علی حیدر گیلانی نے نو منتخب وزیر اعلیٰ کو مبارکباددی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔