اسلام آباد(خبر نگار)وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان کے متعلق دئیے گئے بیان کی وضاحت کر تے ہوئے کہا ہے کہ سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان میرے بڑے بھائیوں کی طرح ہیں، ان سے متعلق دیا گیا بیان واپس لیتا ہوں۔انہو ں نے معا فی ما نگتے ہوئے کہا کہ مجھ سے ایک جگہ گستاخی ہو گئی ،میں بھی بشر ہو ں،سابق اٹارنی جنرل کے بارے میں ایک ٹی وی ٹاک شو کے دوران ان کے الفاظ غیر موزوں تھے جس پر معافی مانگتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خالد جاوید کی تعیناتی پر کوئی تحفظات نہیں ۔خالد جاوید سے بھائیوں والا تعلق ہے ۔دوسری جانب سپریم کورٹ بار کے صدر سید قلب حسن شاہ نے وفا قی وزیر قانون کی جانب سے بطور وزیر کیس میں ایک وکیل کے طور پر پیش ہو نے پر اعتراض کرتے ہوئے ان سے پہلے وزارت چھوڑنے کا مطالبہ کردیا۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سے جاری اعلامیہ میں سید قلب حسن نے وزیر قانون کی جانب سے کیس میں دلائل دینے پر تعجب کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ حکومت کو دوبارہ جوائن کر نے کے بعد کس طرح ایک وکیل کے طور پر سپریم کورٹ میں پیش ہو سکتے ہیں ۔ وزیر قانون وکلا برادری کو تقسیم کرنے کی سازش کر رہے ہیں جو ناکام بنائیں گے ۔