اسلام آباد(نیوزرپورٹر)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم اپنے ہیروز کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں، انہیں بھولتے نہیں، ہمارے ہیروز افواج اور قوم کیلئے فخر ہیں، مادروطن کے دفاع کے لیے جان کی قربانی دینا عظیم ترین ہے ۔ان خیالات کا اظہار آرمی چیف نے شہداء کے گھروں کے  دورہ کے موقع پر کیا اوران کے لواحقین سے ملاقات اور تعزیت کی۔ آرمی چیف کے ساتھ انکی اہلیہ بھی موجود تھیں۔ آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ شہید کے گھر میں ان کے لواحقین سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران آرمی چیف نے شہید کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ آرمی چیف لیفٹیننٹ کرنل وسیم حیات شہید کے گھر بھی گئے اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے سپاہی غلام رضا شہید کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔آرمی چیف نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیوں کیلئے ان کے لواحقین کے مشکور ہیں، ہمارا فرض ہے کہ ہم شہداء کے اہل خانہ سے رابطے میں رہیں اور ان کی فلاح و بہبود کا خیال رکھیں۔دریں اثناء برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی آرمی چیف میجر جنرل محمدباقری نے پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے میں زور دیا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے کوئی فیصلہ جلدبازی میں نہ کیا جائے اور کشمیریوں کی خواہشات کو مدنظر رکھا جائے ۔