کراچی (کلچرل رپورٹر)سٹیج، ٹی وی اور فلم کی معروف اداکارہ روفی انعم نے سوشل میڈیا پر نکاح نامہ وائرل ہونے کے بعد کہا ہے کہ نکاح کبھی خفیہ نہیں ہوتا، گواہان کی موجودگی میں ہوتا ہے اور میرا نکاح بھی گواہان کی موجودگی میں ہوا تھا۔ سوشل میڈیا پر حالیہ چند دنوں سے روفی انعم کی خفیہ شادی کی خبریں گردش کر رہی تھیں اور گزشتہ روز انکے نکاح نامے کی کاپی بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ روفی انعم کا نکاح 2015 میں محمد حنیف ولد محمد یعقوب نامی شخص سے ہوا تھا۔ اداکارہ نے نمائندہ 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بیشتر اداکارائیں اپنی ازدواجی زندگی کو میڈیا پر نہیں لاتیں کیونکہ یہ انکا نجی معاملہ ہوتا ہے ۔میں نے نکاح کیا ہے ،کوئی غلط کام نہیں کیا جو مجھے شرمندگی ہو۔ اپنی ذاتی زندگی میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دے سکتی، جب رخصتی ہو گی تو سب کو دعوت میں بلاؤں گی۔میرے خلاف ہونیوالا منفی پراپیگنڈہ ایک روز اپنی موت آپ مر جائیگا۔ اداکارہ نے مزید کہا جب سے میں نے سٹیج پر بھرپور کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا تو میرے خلاف محاذ بنا لیا گیا، میرے حوصلے پست کرنے کی کوششیں کی گئیں لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری۔اب بہت جلد ایک تقریب کا انعقاد کر رہی ہوں جس میں میڈیا اور شوبز انڈسٹری کے دوستوں کو مدعو کرونگی۔