اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)نگران وزیراعظم جسٹس (ر)ناصر الملک نے نگران حکومت کی مدت کے دوران قابل قدر خدمات انجام دینے پر کابینہ کے ارکان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔گزشتہ روز وزیراعظم آفس میں نگران وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے آئینی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں نگران حکومت کی معاونت کرنے پر تمام وفاقی سیکرٹریوں، افسران اور عملے کی بھی تعریف کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ کابینہ کے ارکان نے اپنی وزارتی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مسلسل رہنمائی اور معاونت کی فراہمی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وفاقی کابینہ نے سبکدوش ہونے والے کابینہ سیکرٹری سیّد ابو احمد عاکف کی خدمات کو بھی سراہا جن کی مدت ملازمت پیر کو پوری ہو گئی۔