لاہور،پشاور،کوئٹہ (خصوصی نمائندہ،سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) پنجاب اور بلوچستان میں نگران وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق رائے نہ ہونے کے بعد معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا جبکہ الیکشن کمیشن نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا کا نام آج فائنل کریگا۔ پنجاب اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید اور سابق وزیر قانون رانا ثنا ئاﷲ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ میں متفقہ طور پر معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے حوالے کرنے پر اتفاق ہوا۔بعد ازاں محمودالرشید نے بنی گالہ میں سربراہ تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی جس میں تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کے نام فائنل کئے گئے ۔تین رکنی کمیٹی کے سربراہ محمودالرشید ہونگے جبکہ دیگر دو ارکان میں سبطین خان اور شعیب صدیقی شامل ہیں۔تحریک انصاف نے سابق سپیکر رانا اقبال خان کو پارلیمانی کمیٹی سے متعلق آگاہ کر دیا جس کا نوٹیفیکیشن آج( پیر) کو جاری ہونے کا امکان ہے جس کے بعد ن لیگ اورتحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوگا۔مسلم لیگ (ن) کی طرف سے پارلیمانی کمیٹی کی سربراہی رانا ثنااﷲ کریں گے جبکہ ممبرز میں ملک احمد خاں اور خواجہ عمران نذیر شامل ہیں۔راناثنااﷲ نے کہا شہباز شریف اور محمود الرشید کے درمیان آئینی مشاورت ناکام ہوگئی ، اپوزیشن اتفاق رائے کرنے کے بعد پیچھے ہٹ گئی، شاید پارلیمانی کمیٹی میں بھی اتفاق رائے نہ ہو اور معاملہ الیکشن کمیشن میں چلاجائے ،عمران خان نے خود کش بمبار جیسی سیاست کی اور وہ ہر روز اپنی جماعت میں دھماکہ کرتے ہیں،ان کاکسی اور سے کوئی مقابلہ نہیں بلکہ وہ خود کو شکست دینے کے لئے اپنے آپ سے مقابلہ کر رہے ہیں، ریحام خان کی کتاب سے مسلم لیگ (ن ) کو فائدہ ہوگاتاہم عمران کی شخصیت کیلئے یہ کتاب نقصان دہ ہوگی۔دوسری جانب بلوچستان کے نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کیلئے قدوس بزنجو اورعبدالرحیم زیارتوال کے درمیان چھٹی ملاقات بے نتیجہ ختم ہونے پر معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپردکردیا گیا ۔ ملاقات میں سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ،نواب ثنا اﷲ زہری ،سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر مندوخیل ،عبیداﷲ بابت بھی موجود تھے ،اس دوران نگراں وزیراعلیٰ کے 7 ناموں پر غور کیا گیا، حکومت کی جانب سے حسین بخش بنگلزئی ،پرنس احمد علی ،علاؤالدین مری اور کامران مرتضٰی جبکہ اپوزیشن نے قاضی اشرف جہانگیر ،اسلم بھوتانی اور علی احمد کرد کے نام پیش کئے ۔ اگر معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں بھی حل نہ ہوا تو فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔ادھر تحریک انصاف کی قیادت کی دو روز سے جاری بھرپور کوششوں کے باوجود سابق آئی جی خیبر پختونخوا ناصر درانی نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب بننے سے مکمل طور پر معذرت کر لی ۔ الیکشن کمیشن نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا کا نام آج فائنل کریگا، پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس(ر) دوست محمد، منظور آفریدی، حمایت اﷲ اور اعجاز قریشی کے نام الیکشن کمیشن کو بھجوا رکھے ہیں۔