پشاور (آن لائن) عام الیکشن کیلئے ہزار کفن تیار کرنے کے بیان پر ڈپٹی کمشنر پشاور کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا دوست محمد خان نے ڈی سی پشاور عمران حامد شیخ کے بیان کا نوٹس لے لیا۔نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈی سی پشاور کا بیان عوام خصوصاَ ووٹرز میں بلاوجہ اور بے بنیاد خوف و ہراس پھیلانے کا بھونڈا مذاق ہے ، پولنگ کے روز رائے دہندگان کی سکیورٹی کی جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے ، فوج، ایف سی اور پولیس کے دستے نہ صرف پولنگ سٹیشنز پر تعینات رہیں گے بلکہ گشت بھی کریں گے ۔دوسری جانب ڈی سی پشاور عمران حامد شیخ نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پریس کانفرنس کے کچھ حصوں کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، میڈیا بریفنگ کا مقصد صرف یہ تھا کہ امن و امان کو کنٹرول کر نے کے لیے نہ صرف بھر پور اقدامات کئے گئے ہیں بلکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ تیار ہے ۔واضح رہے کہ ڈی سی پشاور عمران حامد شیخ نے گزشتہ روز 1 ہزار کفن تیار کرنے کا بیان دیا تھا۔