ہنگو،لاہور،ملتان، ڈیرہ اسماعیل خان،کراچی (نمائندہ92نیوز،کرائم رپورٹر،سٹا ف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)ہنگو کے علاقہ میں شرپسندوں نے ایک گھر پر دستی بم سے حملہ کیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔تفصیل کے مطابق ہنگو ٹل روڈ پر واقع ڈگری کالج ہنگو کے قریب مدینہ کالونی کے رہائشی رفیع اﷲ کے مکان پر ناکام شر پسندوں نے دستی بم پھینکا جوزوردار دھماکہ سے پھٹ گیا ۔ دھماکہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ،تاہم عمارت اور گیٹ کو جزوی نقصان پہنچا ۔ پو لیس نے رپورٹ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ۔ دریں اثنا سی ٹی ڈی نے ملتان میں عید پر دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنان دیا اور سٹیڈیم موڑ وہاڑی روڈ پر کارروائی کے دوران دو مبینہ خطرناک دہشتگرد گرفتار کر لئے جن کا تعلق کالعدم تنظیم داعش سے ہے ۔ مبینہ دہشتگرد وسیم الرحمٰن اور سمیع اﷲ حساس مقامات کو نشانا بنانا چاہتے تھے ۔ملزموں کے قبضہ سے بارودی مواد،اسلحہ اور نقدی برآمد کرکے تھانہ سی ٹی ڈی ملتان میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ یہ دہشتگرد اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے ۔آئی جی پنجاب کلیم امام نے خطرناک دہشتگرد وں کو گرفتار کرنے پر سی ٹی ڈی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے دہشتگردوں اور سماج دشمن عناصر کیخلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے اورعید الاضحی کے موقع پرہائی الرٹ رہتے ہوئے ذمہ داریاں سر انجام دیں تاکہ سماج دشمن عناصر کی ہر کوشش کو ناکام بناتے ہوئے امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا جاسکے ۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں پہاڑ پورپولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 10 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ بھاری اسلحہ اورمنشیات برآمد کر کے ملزموں کیخلاف مقدمات درج کرلیا۔ 70 سے زائد کرایہ داروں کے کوائف چیک کئے گئے ، کرایہ داری اور لائوڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پربھی 4 افراد کیخلاف مقدمات درج کرلئے گئے ۔علاوہ ازیں سانحہ سیہون کے سہولت کار صابر کو بلدیہ ٹاؤن کراچی سے گرفتار کر لیا گیا۔ کراچی پولیس کے مطابق ملزم صابر کے قبضے سے دستی بم اور دیگر اسلحہ بھی برآمد ہوا ۔ ملزم نے العدم تنظیم کے کمانڈر کے کہنے پر سانحہ سیہون کے دہشتگردوں کو پناہ دی تھی ۔ ملزم کی گرفتاری فون کال ٹریس ہونے پر عمل میں آئی ۔ سیہون خود کش حملہ میں 70افراد شہید اور 150 زخمی ہوئے تھے ۔ملزم نے 4 افراد کے قتل کا بھی اعتراف کرلیا ہے ۔