اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ نیٹ نیوز؍ مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نے ڈینگی کی روک تھام کیلئے پیشگی اقدامات نہ کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب پر اظہار برہمی کیا ہے جبکہ وفاقی کابینہ میں تبدیلی کا عندیہ بھی دے دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے دورہ امریکہ پر پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا، جبکہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر پر حکومتی سفارتکاری پر بریفنگ دی۔وزیراعظم نے کہا مقبوضہ کشمیر میں بھارت بدترین ظلم کررہا ہے اور ہم کشمیریوں کا مقدمہ ظلم کے خلاف جہاد سمجھ کر لڑ رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم اوررکن اسمبلی نورعالم خان کے درمیان مکالمہ ہوا۔ وزیراعظم نے کہاقومی اسمبلی میں آپ کی تقریرسنی،جب پیپلزپارٹی میں تھے ، تب حکومت کیخلاف تقریرکیوں نہیں کیاکرتے تھے ؟جس پرنورعالم خان نے کہااس وقت بھی حکومت پرتنقید کرتاتھا،اب بھی حکومت کوآئینہ دکھاتاہوں۔نورعالم خان کے بعد پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی وزراکے رویوں کیخلاف پھٹ پڑے ۔ارکان نے کہاوزراقومی اسمبلی آتے ہیں نہ ہی حکومتی ارکان کے کام کرتے ہیں۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں تحریک انصاف ایم این اے ارباب عامر بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے اور انہوں نے وزیراعظم سے شکایت کی کہ وزرا ہمیں ملاقات کیلئے وقت بھی نہیں دیتے جبکہ حلقوں سے عوامی دبائو ہے لیکن کوئی کام ہو رہے نہ ہی کوئی بات سن رہا ہے ۔ارکان کی شکایت پر وزیراعظم نے کابینہ میں تبدیلی سے متعلق اشارہ دیدیا اور اسدعمرکودوبارہ کابینہ میں شامل کرنے کا عندیہ بھی دیا۔وزیراعظم نے ارکان اسمبلی کو حلقوں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے فضل الرحمان کے آزادی مارچ پردلچسپ تبصرہ کیااوربولے مولانافضل الرحمان کو ن لیگ اورپیپلزپارٹی حمایت کررہے ہیں،اگراپوزیشن کے مقدمات ختم ہوجائیں تو پچھلے 10سال کی طرح سب ٹھیک ہوجائیگا۔اجلاس میں ن لیگ کے رہنماراناافضل کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں آئی جی پنجاب عارف نوازبھی شریک ہوئے ۔ وزیراعظم نے پولیس اصلاحات کے نفاذ کے لئے 30 ستمبر کی ڈیڈلائن دی تھی۔اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس اصلاحات پر وزیراعظم کوآگاہ کیا جبکہ آئی جی پنجاب عارف نواز نے بھی پولیس ریفارمزایکٹ پروزیراعظم کوبریفنگ دی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کو ڈینگی وبا کو روکنے کیلئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے ڈینگی وائرس سے متعلق پیشگی اقدامات نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب نے پولیس اصلاحات کے نفاذ کیلئے ایک ہفتے کا وقت مانگا تو وزیراعظم نے درخواست منظور کرتے ہوئے پولیس اصلاحات کے نفاذ کیلئے آئندہ پیر تک کا وقت دے دیا۔وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی معاشی ٹیم کا اجلاس بھی ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ملک میں معاشی ترقی کے لئے صنعتی ترقی ناگزیر ہے ،اس لئے اہم صعنتوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیاجائے ، تاجر برادری کو تحفظ دیئے بغیر معیشت پنپ نہیں سکتی، اس لئے تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے تاجر برادری کا اعتماد بڑھانا ہوگا۔اجلاس میں وزیر اعظم کو سٹیل ملز کی لیز پر دینے کے حوالے سے تجاویز پر مبنی پلان پر بریف کیاگیا۔ بتایا گیا کہ چین اور روس سٹیل ملز کو لیز پر لینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔وزیر اعظم نے ہدایت کی سٹیل ملز کو لیز پر دینے کے حوالے جلد سے جلد تجاویز فراہم کی جائیں۔مزیدبرآں وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور ڈسٹرکٹ ہسپتال میرپور میں زخمیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا زلزلہ متاثرین کے دکھ کو محسوس کرسکتا ہوں، حکومت متاثرین کی بحالی کیلئے پیکیج تشکیل دے رہی ہے ، ہر ممکن اور فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔