لاہور/راولپنڈی /ملتان (جنرل رپورٹر،92 نیوز رپورٹ،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،سپیشل رپورٹر، نمائندگان) پنجاب میں ڈینگی بخار کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ۔24 گھنٹوں میں مزید 225 افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہوئے ۔پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں ڈینگی کے 508 کنفرم مریض زیر علاج ہیں۔ادھر راولپنڈی کے الائیڈ ہسپتالوں میں مزید 2 افراد جاں بحق ہو گئے ،مجموعی تعداد35 ہو گئی ،جاں بحق ہونے والوں میں صدیقی چوک کا رہائشی 50 سالہ شبیر اور مصریال روڈ کا رہائشی 2سالہ بچہ ساجد شامل ہے ،راولپنڈی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 160 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی،متاثرہ مریضوں کی تعداد 6638 ہوگئی، پنجاب میں رواں سال 4886مریض سامنے آئے جن میں سے 4200 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔پچھلے چوبیس گھنٹوں میں پنجاب میں 194مریض ڈسچارج ہوئے ہیں ۔ گزشتہ روز راولپنڈی میں162،لاہور میں 25, چکوال سے 2،اٹک سے 4 کیس سامنے آئے ۔سرگودھا سے 7 ،منڈی بہاؤ الدین ،گجرات،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور حافظ آباد سے 3,3 کیس سامنے آئے ۔شیخوپورہ ،بھکر ، بہالپور، بہاولنگر ، پاکپتن ،قصور ، فیصل آباد سے ایک ایک ، سیالکوٹ سے 5کیس رپورٹ ہوئے ۔اس وقت صوبہ بھر میں زیر علاج مریضوں میں سے 4 مریض انتہائی نگہداشت میں جبکہ باقی خطرے سے باہر ہیں۔ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزی گروپ کے مطابق پنجاب میں رواں سال یکم جنوری سے 5اکتوبر تک ڈینگی سے 9 اموات ہوئی ہیں۔ نشتر ہسپتال ملتان کے آئی سولیشن وارڈ میں5 مزید مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہو گئی جس کے بعد زیر علاج مریضوں کی تعداد 30 ہو گئی،چار روز کے دوران ڈینگی کا شکار 30 مریض صحت یاب ہونے پر ڈسچارج کئے گئے ،ترجمان نشتر ہسپتال کے مطابق ڈینگی کا شکار زیر علاج مریضوں کا تعلق خانیوال، مظفر گڑھ،ملتان،پاکپتن،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور لاہور سے ہے ۔پاکپتن میں ڈینگی وائرس کے باپ بیٹے سمیت4 کیس سامنے آ گئے ،متاثرین کی شناخت انس ، عمران ، بہادر، اور ضمیر کے نام سے ہوئی،شہریوں کا کہنا تھا کہ ڈینگی کے تدارک کے لیے فوٹو سیشن کے سوا کوئی اقدام نہیں اْٹھایا گیا ۔رحیم یارخان میں ڈینگی وائرس کے مزید 7ا مریض ہسپتال لائے گئے ۔