لاہور،کراچی،پشاور،ملتان (آن لائن،سٹاف رپورٹر، نیوز رپورٹر)نئی جوڈیشل پالیسی کیخلاف پاکستان اور پنجاب بار کونسل کی دو روزہ ہڑتال کی کال پر لاہور، پشاور، کراچی اور ملتان میں وکلا نے جزوی ہڑتال کی۔لاہور میں دو روزہ ہڑتال کے دوسرے دن بھی وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے جس سے سائلین کو بھی مشکلات کا سامنا رہا ، اہم کیسز کی سماعت ججز چیمبر میں ہوئی رہی۔ سندھ ہائیکورٹ اورکراچی کی ماتحت عدالتوں میں بھی وکلاپیش نہیں ہو ئے ،وکلا نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو بھی ہائیکورٹ کے گیٹ پر روک لیا اور کہا آپ بھی وکیل ہیں، عدالت کے اندر نہیں جاسکتے ،ہمارا ساتھ دیں۔قائم علی شاہ نے کہامیں اس وقت تو ملزم کی حیثیت سے پیشی پر آیا ہوں،بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کہا آپ ملزم ہیں توعدالت کے اندرجاسکتے ہیں۔پشاوراور ملتان میں بھی وکلا نے عدالتی کاروائی کا بائیکاٹ کیااور ہائیکورٹ، سیشن کورٹس اور سول کورٹس میں پیش نہیں ہو ئے ۔