کراچی(این این آئی)چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے آئندہ برسوں میں پاکستان ترقی کی منازل طے کرے گا،نئی حکومت کے ساتھ مل کر مزید بہتر کام کرنے کی کوشش کریں گے ۔کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجروصنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہابحریہ میں ترقی کیلئے ہم سب کو مل کر آگے آنا ہوگا، بین الاقوامی ماحول میں تبدیلی آئی ہے ، ہم ملکی دفاع اور اندرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، پاکستان کا بیرونی دفاع مضبوط اور اندرونی خطرات پر بھی قابو ہے ۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا سمندری تجارت بند ہونے سے دنیا بھر کی تجارت کی موت ہوسکتی ہے ، آبی راستوں سے دنیا کی تجارت 80 جبکہ پاکستان کی 90 فیصد ہے ، دنیا کی دو تہائی تیل کی ترسیل سمندر کے ذریعے عرب ممالک سے ہوتی ہے ، گوادرسے ہم بڑی تجارت کرسکتے ہیں، چینی جہاز نے بلوچستان میں گوادر کے اطراف سونامی کے خطرے کا سروے کیا ہے ، چین نے واضح کیا سونامی کا خطرہ نہیں لیکن گیس کے بڑے ذخائر موجود ہیں، ہم نے چینی مشینری کے ساتھ ملکر ان ذخائر کی تلاش کا معاہدہ کیا ہے ، سمندری علاقوں میں تیل کے ذخائر ڈھونڈنا سب سے بڑا کام ہے تاہم امید ہے ہم یہ ذخائر ڈھونڈ لیں گے ۔