نئی دہلی(صباح نیوز،نیٹ نیوز )بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک فیکٹری میں آتشزدگی سے 43 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے ، ہلاک ہونے والوں میں 15 سے 20 سال کے نوجوان تھے ،دھوئیں سے شہری بھی متاثر ہوئے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق بیگ بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی کا واقعہ نئی دہلی کے علاقے اناج منڈی میں پیش آیا۔حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کا تاحال علم نہیں ہو سکا ہے تاہم اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ فیکٹری کی ورک شاپ میں لگی،ریسکیو حکام کے مطابق 50 افراد کو بچا لیا گیا جب کہ فائر بریگیڈ کی 15 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں ۔نیٹ نیوز کے مطابق فائر ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ اتُل گارگ نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ان کی ٹیم نے جائے حادثہ سے مجموعی طور پر 63 افراد کو نکالا تھا لیکن ان میں سے 43 کی موت ہوگئی ہے ،ایک پولیس اہلکار نے بی بی سی کو اپنا نام شائع نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ زیادہ تر ہلاک ہونے والوں میں 15 سے 20 سال کے نوخیز نوجوان تھے ،جس عمارت میں آگ لگی وہاں پلاسٹک کے کھلونے بنانے کا کام بھی کیا جاتا تھا۔ اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق آگ نیچے کی منزل پر لگی تھی لیکن جلد ہی وہ تیسری منزل تک پہنچ گئی جہاں بہت سے لوگ سو رہے تھے ، وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آتشزدگی کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ،وزیر اعظم مودی نے بھی مرنے والوں اورزخمیوں کیلئے امداد کا اعلان کیا ،وزیرِ داخلہ امت شاہ نے اس واقعے میں ’قیمتی جانوں کے نقصان کو ایک سانحہ قرار دیا ہے ،جس مقام پر یہ فیکٹری موجود تھی وہ شہر کا قدیم ترین حصہ ہے اور تنگ گلیوں کی وجہ سے جائے وقوع تک پہنچنا انتہائی مشکل تھا۔