صنعائ(صباح نیوز) مشرقی گورنری مآرب کے مغربی علاقے الدائرہ میں لڑائی کے دوران حوثی ملیشیا کا اہم کمانڈر ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا۔ یمن کے معمر الاریانی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ حوثیوں کے ہاتھوں بچوں کی بھرتی اجتماعی نسل کشی ہے ،عرب میڈیا نے یمن کے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حوثیوں کے ہلاک ہونے والے کمانڈر کی شناخت ابو خالد السفیانی کے نام سے کی گئی ہے اور وہ الکسارہ کے محاذ پر حوثی ملیشیا کا کمانڈر تھا۔ اسی محاذ پر یمنی فوج کے ساتھ لڑائی میں اس کی موت واقع ہوئی۔مقامی اخباری ذرائع کے مطابق حوثی کمانڈر السفیانی کے ساتھ اس کے کئی دوسرے ساتھی جنگجو بھی ہلاک ہوگئے ۔خیال رہے کہ رواں سال 7 فروری کے بعد تیل کی دولت سے مالا مال یمن کی اس گورنری پرقبضے کے لیے جاری لڑائی میں حوثی ملیشیا کے تین اہم کمانڈر ہلاک ہوچکے ہیں۔