اسلام آباد ( خصوصی نیوز رپورٹر) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا کو بریفنگ کے دوران قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ وزیراعظم ریلیف فنڈ میں سب سے پہلے حصہ ڈالیں۔انہوں نے کہا آپ کا شمار ملک میں زیادہ اثاثے رکھنے والے خاندان میں ہوتا ہے ،اپوزیشن لیڈر کورونا زدہ سوچ کو کورنٹائن کریں ،یہ وقت سیاست کرنے کا نہیں ہے ، عوام کی بھلائی چاہتے ہیں تو کورونا ریلیف فنڈ میں اپنے اثاثوں کا کچھ حصہ عطیہ کریں،اپوزیشن لیڈر سیاسی مفاد کی عینک اتار کر عوامی مسائل کا حقیقی طور پر جائزہ لیں،اپوزیشن کورونا سے متعلق تجاویز دے ہم خوش آمدید کہیں گے ،یہ وقت عوام کے ساتھ کھڑا ہونے کا ہے نہ کہ تنقید کرنے کا۔ ادھر ایک ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی میڈیا کے واجبات کی ادائیگی کیلئے واضح ہدایات ہیں، پوری کوشش ہے کہ ادائیگیوں کا معاملہ جلد حل کر لیا جائے ۔