ملتان(جنرل رپورٹر) نیب کا افسر بن کر شہریوں کو لوٹنے کے الزام میں ایک اور شخص گرفتار کرلیا گیا۔نیب ملتان نے گزشتہ روز بہاولپور کی تحصیل یزمان میں کارروائی کرتے ہوئے اعجاز حسین کاظمی کو حراست میں لیا، نیب ذرائع کے مطابق ملزم نے نیب کا افسر بن کر شہریوں کوسرکاری اراضی کی الاٹمنٹ اور نیب میں بھرتی کرانے کا جھانسہ دیکر رقم بٹوری۔ ملزم نے شہریوں کو جعلی جوائننگ لیٹر بھی تھمائے ، مختلف شہریوں سے 2 کروڑ 60 لاکھ روپے لوٹے ،نیب حکام کے مطابق ملزم نے اسلام آباد اور راولپنڈی نیب کے افسران کے طور پر نام استعمال کرکے نیب کی ساکھ اور عوام کو نقصان پہنچایا۔احتساب عدالت نے ملزم اعجاز کاظمی کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیاہے نیب ملتان نے کچھ روز قبل ندیم نامی ملزم کو حاصل پور سے گرفتار کیا تھا ۔