فیصل آباد، لاہور (این این آئی ) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اﷲ نے نیب ہر جانبدارانہ ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر شہباز شریف کو گرفتار کیا جا سکتا ہے تو عمران خان اور پرویز خٹک کو کیوں نہیں کیا جا سکتا؟فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اﷲ نے کہا کہ نیب ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کر رہا ہے ، چیئرمین نیب سے ملاقات کے دوران اپنے تحفظات سامنے رکھیں گے ۔ شریف برادران قانونی جنگ لڑ رہے ہیں، سرخرو ہوں گے ۔ فواد چودھری صبح شام میاں برادران پر الزام لگاتے ہیں لیکن علیمہ خان کی پراپرٹی کا حساب نہیں دیا جا رہا۔ صدقہ، زکواۃ، خیرات کے پیسوں سے یورپ میں پراپرٹی خریدی گئی تھی۔انہوں نے کہا پی اے سی کا چیئرمین بنانا حکومت کا فیصلہ ہے ، شیخ رشید کو اگر اعتراض ہے تو وہ استعفی دیں اور عدالت میں پیش ہوں۔رانا ثنا اﷲ نے الزام عائد کیا کہ 1985 سے پہلے شیخ رشید کے پاس کوئی پراپرٹی نہیں تھی، کشمیر مہاجرین کے کیمپ سے وہ ارب پتی بنے ۔ادھر سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ وزرا بتائیں ان سے کس نے این آر او مانگا ہے ،آئین و قانون کے مطابق وزیر اعظم این آر او دے ہی نہیں سکتا ۔ الحمرا ہال میں تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت نے نئی تھیوری نکال لی ہے کہ ان کی پالیسیوں سے غریب عوام پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ فوجی عدالتوں کے حوالے سے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اسے اسمبلی میں لیکر آئیں او ربتائیں ابھی تک کیا کامیابیاں ہیں ۔حکومت فوجی عدالتوں میں توسیع کی وجوہات پر مطمئن کرسکی تو دیکھیں گے ۔