لاہور،ملتان، جتوئی (اپنے نیوز رپورٹر سے ،جنرل رپورٹر، نامہ نگار ، این این آئی)حکومتی رکن قومی اسمبلی باسط بخاری نیب کے ریڈار پر آگئے ،آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے پرنیب ملتان نے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سے ان کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔محکمہ مال جتوئی کے نائب تحصیلدار کے مطابق ایم این اے باسط بخاری نے زرعی انکم ٹیکس کی مد میں دو کروڑ روپے ادا کرنے ہیں،متعدد نوٹس بھجوا نے کے باوجود انہوں نے زرعی انکم ٹیکس ادا کرنے سے صاف انکار کردیا اور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام کو مبینہ طور جواب دیا کہ مجھے آئندہ نوٹس نہ بھیجا جائے ۔باوثوق ذرائع کے مطابق باسط بخاری نے ضلع کونسل مظفرگڑھ اور ٹاؤن کمیٹی جتوئی و شہر سلطان میں مبینہ طور پر کروڑوں کے گھپلے کرکے جتوئی اور کوٹ ادو میں کروڑوں روپے مالیت کی زرعی راضی خریدی،ان کی پنجاب کے مختلف شہروں میں بنگلے اور کمرشل جائیدادیں بھی ہیں۔ادھر نیب لاہور نے پیرا گون ہاؤسنگ سکینڈل میں گرفتار لیگی رہنما خواجہ سلمان رفیق سے لاہور ویسٹ مینجمنٹ سکینڈل میں بھی تحقیقات کا فیصلہ کر لیا ۔نیب نے اس حوالے سے درخواست دی جسے احتساب عدالت کے جج چودھری امیر محمد خان نے منظور کرلیا،لیگی رہنما سے اب جیل میں تحقیقات کی جائینگی۔ نیب کے مطابق خواجہ سلمان رفیق نے بطور ڈائریکٹر ایل ڈبلیو ایم سی اختیارات سے تجاوز کیا ۔