ملتان( سپیشل رپورٹر)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نیب آزاد ادارہ ہے ، کسی بھی طرح ا ثر انداز نہیں ہوسکتے ،نیب کے مقدمات میں انکوائریوں سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا نیب کے مقدمات تحریک انصاف کی حکومت سے پہلے کے ہیں، بدعنوان عناصر احتساب کے خوف سے نیب کے خلاف غلط پراپیگنڈاکررہے ہیں، بھارت مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے ۔وزیر خارجہ نے کہا روس بھی خطے کا اہم ملک ہے ،کوشش کررہے ہیں کہ خطے میں امن کے لئے تمام قوتوں کا تعاون حاصل کیاجائے ۔ انہوں نے کہا پی پی، ن لیگ سے گزارش کرتا ہوں مفادات کی سیاست سے بالا تر ہو کر خطے کے مفاد کیلئے سوچیں، ایران کی پیٹرولیم ایکسپورٹ متاثر ہوگی تو قیمتیں بھی متاثر ہونگی، پٹرول کی قیمت تب نیچے آئے گی جب خطے کے حالات ٹھیک ہوں گے ۔یمن کے سوال کے حوالے سے جواب میں انہوں نے کہا پاکستان چاہتا ہے کہ یمن میں امن ہو اور غلط فہمیاں دور ہوں۔انہوں نے کہا چودھری سرور والا واقعہ میرے علم میں نہیں جس بات کا مجھے معلوم نہیں، اس پر کیسے بات کروں۔انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی صورتحال کو لوگ اچھی طرح سے جانتے ہیں، ہم بھارتی مظالم کیخلاف ہر فورم پر آواز بلند کریں گے ۔ انہوں نے کہا امریکہ کے کہنے پر ہم نے امن کیلئے کوشش بھی کی۔ انہوں نے کہا ہماری خواہش ہے کہ ہماری قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ گھر پہنچ جائے ، اگر عافیہ صدیقی کی بقیہ سزایہاں پوری ہو تو ان کی فیملی کو سہولت مل جائیگی، شکیل آفریدی کی رہائی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کی کوئی بات نہیں ہوئی، شکیل آفریدی نے پاکستان کے مفادات کیخلاف کام کیا۔