لاہور ، پشاور ( اپنے نیوز رپورٹرسے ، نیوز رپورٹرر، آئی این پی ، مانیٹرنگ ڈیسک،) قومی احتساب بیورو نے (ن) لیگ کے صد ر شہباز شریف کو 56کمپنیز سکینڈل میں 16جولائی کو طلب کرلیا۔نیب لاہور کے مطابق شہباز شریف کوپنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی میں مبینہ کرپشن پر سوالنامہ بھیج دیا گیا ہے جبکہ ان کی نیب میں طلبی کا نوٹس بھی شہباز شریف کی لاہور میں رہائش گا ہ پر ارسال کردیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو بھی نیب پشاور نے سرکاری ہیلی کاپٹر کے غیر قانونی استعمال پر18جو لا ئی کو طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق نیب کی تفتیشی ٹیم کی جانب سے جاری کیا گیا نوٹس بنی گالہ کے ملازمین نے وصول کر لیا ہے ، نوٹس میں عمران خان کو ذاتی طور پر بیان ریکارڈ کرانے کے لیے نیب پشاور طلب کیا گیا ہے ۔ نیب کے پی کے نے سرکاری ہیلی کاپٹر غیر قانونی استعمال کرنے کے کیس میں عمران خان کے خلاف تمام مواد جمع کر لیا ہے ۔ سترہ مارچ کو نیب پشاور نے سرکاری ہیلی کاپٹر کے غیر قانونی استعمال کے کیس میں پانچ گواہوں کے بیان ریکارڈ کئے تھے ۔ دریں اثنا نیب حکام نے مسلم لیگ ن کے راہنما امیر مقام اور ان کے خاندان کے اثاثو ں کے حوالے سے محکمہ ایکسائز پنجاب کو لیٹر لکھ دیاہے کہ ان کے نام رجسٹر ہونے والی گاڑیوں اور دیگر جائیداد کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی جائیں ۔محکمہ ایکسائز حکا م کو 16جولائی تک اس حوالے سے تمام تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ مزید برآں تحریک انصاف کے مرکزی رہنما علیم خان آف شور کمپنی کیس میں گذشتہ روز نیب میں پیش ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق علیم خان کو اپنے اثاثوں کی تفصیلات سمیت ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا کہا گیا تھا۔ نیب لاہور کی جانب سے علیم خان کو 29 جنوری 2018 کو اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کے لئے پرفارما دیا گیا تھا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیم خان کا کہنا تھا ان کا نام پاناما میں نہیں آیا لیکن وہ نیب میں پھر بھی پیش ہوئے نیب جب بلائے گا پیش ہوں گا۔ انہوں نے کہا نواز شریف کے ساتھ کراچی والے چور کا بھی احتساب ہونا چاہئے ۔