لندن،فیصل آباد (آن لائن)صدر مسلم لیگ ن اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگ کیخلاف نیب نیازی گٹھ جوڑ کی حقیقت کھل کر سامنے آچکی ہے ، سلیکٹڈ وزیراعظم کو ملک اورعوام کے مسائل کاکوئی احساس نہیں ، انکے دل و دماغ میں اپوزیشن کیخلاف بغض بھرا ہوا ہے ۔ حکومت سے بہتری کی کوئی امید اب باقی نہیں رہی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وزیر مملکت اور ن لیگ کے رہنما عابد شیر علی سے لندن میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عابد شیر علی نے میاں نواز شریف کی عیادت کی اور انکے اہلخانہ سے انکی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ عابد شیر علی نے شہباز شریف سے بھی ون ٹوون ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جبکہ شہباز شریف کو یورپی ممالک میں ن لیگ کی تنظیم سازی اور پارٹی امور پر بریفنگ بھی دی ، ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر سخت تنقید کی اور ن لیگ کیخلاف جاری انتقامی کارروائیوں اور مہنگائی پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے پر اتفا ق کیا۔ عابد شیر علی نے لندن آنیوالے ن لیگی رہنمائوں سے بھی ملاقات کی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔