اسلام آباد(خبر نگار)قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی ضمانت کی منسوخی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔نیب نے چودھری شوگر ملز کیس میں لاہور ہائیکورٹ کے 31 اکتوبر 2019 کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے جس کے تحت مریم نواز کو ضمانت دی گئی تھی۔جمعہ کو نیب نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف عدالت میں اپیل دائر کی جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کے احکامات کے برخلاف فیصلہ دیا۔اپیل میں مو قف اپنایا گیاکہ لاہور ہائی کورٹ نے ضمانت کے کیس میں شواہد پر آبزرویشنز دی، ہائی کورٹ کی آبزرویشنز سے ٹرائل متاثر ہونے کا خدشہ ہے اس لیے استدعا ہے کہ عدالت لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیں ۔نیب کی اپیل کے مطابق مریم 2008 میں چوہدری شوگر ملز کی 47 فیصد شیئرز کے ساتھ سب سے بڑی شیئر ہولڈر ہیں جبکہ لاہور ہائیکورٹ سے ان کی ضمانت کے بعد بہت سے قانونی سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔