پشاور(نیوز رپورٹر)مولانا فضل الرحمن نے نیب کے خلاف طبل جنگ بجاتے ہوئے کہا ہے کہ آئیں میدان میں، اب کھلی جنگ ہے ،، اب کوئی پروا نہیں، کوئی لیٹر یا نوٹس آتا ہے توردی کی ٹوکری میں پھینک دیں گے ،یہ بازو میرے آزمائے ہوئے ہیں نہ خنجر اٹھے گا نہ تلوار۔انہوں نے کہا کہ جس طرح ویڈیو منظر عام پر آئی اس کے بعد بھی نیب کو احتساب کا ادارہ تسلیم نہیں کیا جاسکتا،نواز شریف کی سزا اب ختم ہوجانی چاہئے اس کی کوئی حیثیت ہی نہیں جبکہ زرداری کی گرفتاری کا بھی کوئی اخلاقی جواز باقی نہیں رہا ، قبائلی اضلاع کے انتخابات میں 25جولائی والا منظر دوبارہ دہرایا جا رہا ہے ۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری سیاسی قیدی ہیں ، نیب استعمال ہو رہا ہے جس کی کوئی اخلاقی حیثیت باقی نہیں رہی اور جب ہم اس ادارے کو تسلیم ہی نہیں کرتے تو اسکے نوٹس یا خط کا کوئی جواب بھی نہیں دیں گے ، انہوں نے کہا کہ جج کو ہٹا کر اعتراف کیا گیا کہ ویڈیو اصلی ہے ، ان کا مزیدکہنا تھا کہ 20 سال ہو گئے میری جائیدادوں کا کھوج لگایا جا رہا ہے ، آج تک ان کے پلے کچھ نہیں پڑا ، ہم بھی بتا دینا چاہتے ہیں ایسی حرکتوں کا جو جواب ملے گا تو حکومت وجود برقرار نہیں رکھ پا ئے گی، فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ سینٹ میں اپوزیشن اکثریت میں ہے ،اکثریت چاہتی ہے کہ چیئرمین تبدیل ہو جائے ،جواب میں ڈپٹی چیئرمین کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے اصطبل کھولنا ہے ، گھوڑ ے خریدنے اور بیچنے ہیں ،حکومت عام آدمی کی جیب تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے ، لوگوں کی زندگی اجیرن کر دی گئی ہے ۔