اسلام آباد (اپنے نیوز رپورٹرسے ، 92 نیوز رپورٹ) کرپشن سے متعلق ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں نیب کی تعریف کی گئی۔رپورٹ کے مطابق چیئرمین جاوید اقبال کی زیرقیادت نیب کی کارکردگی بہتر رہی۔ نیب نے صرف ایک سال میں بدعنوان عناصر سے 153 ارب روپے ریکور کیے ۔ نیب نے ایک سال میں کرپشن کے کل 530 ریفرنس دائر کیے ۔نیب کی جانب سے ملزمان کو سزائیں دلانے کی 70 فیصدشرح قابل ستائش ہے ۔ نیب کی کرپشن سے متعلق آگاہی مہم کو سراہتے ہیں۔ نیب سارک ممبر ممالک کیلئے بھی قابل تقلید کردار ادا کررہا ہے ۔چیئرمین نیب کے زیر نگرانی بدعنوانی کے تدارک کیخلاف نیب کی پالیسیاں متاثر کن ثابت ہوئیں جن میں کمبائینڈ انویسٹی گیشن ٹیم سسٹم سر فہرست رہا۔ رپورٹ کے مطابق قومی احتساب بیورو کے اقدامات بدعنوانی کے اندھیرے میں امید کی شمع کے طور پر جلتے رہے ۔ بین الاقومی طور پر بدعنوانی میں اضافہ نظر آیا تاہم انسداد بدعنوانی کے دیگر اداروں کیلئے نیب کے اقدامات مشعل راہ کے طور پر نمایاں ہوئے ہیں۔نیب آگاہی و تدارک ونگ کی بدعنوانی کے پھیلائو کیخلاف مہم بھی قابل ستائش تصور کی گئی جس سے عوام کو کرپشن کیخلاف آگاہی ملی،بدعنوانی کے پھیلائو میں دیگر عوامل بھی کردار ادا کرتے ہیں جن کا بلاواسطہ اثر کرپشن انڈیکس پر اثر پذیر ہوتا ہے ۔