لاہور ،راولپنڈی (اپنے نیوز رپورٹر سے ،نامہ نگار، 92 نیوزرپورٹ) نیب راولپنڈی نے ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام پر عوام سے فراڈ سے متعلق کیس میں ایک ارب 95 کروڑ روپے برآمد کر لئے جبکہ اکرم درانی تیسری بار نیب میں پیش ہوگئے ۔ نیب اعلامیہ کے مطابق ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام پر عوام سیفراڈ کے ملزم میاں وسیم نے تفتیش کے دوران جرم تسلیم کیا اور پلی بارگین پر رضا مندی ظاہر کی ۔برآمد رقم متاثرین کوسکروٹنی کے بعد واپس کی جائے گی۔آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں سابق وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم درانی نیب راولپنڈی میں تیسری بار پیش ہوگئے ، اکرم درانی نے تمام سوالوں کا تحریری جواب جمع کرادیا ۔نیب راولپنڈی میں پیشی کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکرم درانی نے بتایا کہ پرامن احتجاج حق ہے تاہم دھرنے تک پیشیاں چلتی رہیں گی۔ گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر سابق وفاقی وزیر اکرم خان درانی نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ادھراحتساب عدالت نے عبدالغنی مجید کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کر دی ۔ جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی ۔ دور ان سماعت نیب نے کہاکہ عبدالغنی مجید سے کاشتکاروں کی سبسڈی میں غبن کی تفتیش کرنی ہے ۔ وکیل صفائی نے کہاکہ دوبارہ جسمانی ریمانڈ قانون کے مطابق نہیں دیا جا سکتا۔ ۔لاہور میں چنیوٹ مائینز اینڈ منرلز کرپشن سکینڈل کیس میں عدالت نے سابق ایم ڈی پنجمن ملزم منظر حیات کو 07 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا۔ عدالت نے ملزم کو دوبارہ 29 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دیا ، احتساب عدالت کے جج چوہدری امیر محمد خان نے کیس پر سماعت کی۔