لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی سی بی کی جانب سے پری سیزن کیمپ میں سنٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے یو یوٹیسٹ مکمل ہو گئے ، وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان 19.2پوائنٹس کیساتھ سرفہرست رہے ، کیمپ میں رپورٹ کرنے والے 18کھلاڑیوں میں فخر زمان بھی شامل،کیمپ کمانڈنٹ مصبا ح الحق کا کھلاڑیوں کو ابتدائی لیکچر ، فٹنس ٹیسٹ آج بھی جاری رہیں گے ۔کیمپ میں بلائے گئے کھلاڑیوں میں سے اٹھارہ کھلاڑیوں نے رپورٹ کر دی جن میں اوپنر فخر زمان بھی شامل ہیں۔ مصباح الحق نے پری سیزن کیمپ میں آ نے والے 18کھلاڑیوں کو ابتدائی لیکچر دیا جس میں انہیں کیمپ کے اغراض و مقاصد بتائے گئے ۔ ابتدائی دو روز کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لئے جائیں گے ۔ گزشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سٹاف نے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لئے ۔ دوسری طرف مصباح آج پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔