لاہور (سپورٹس رپورٹر) 33ویں نیشنل گیمز 2019ء میں شرکت کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب کا450کھلاڑیوں اور آفیشلز پر مشتمل دستہ گزشتہ روز پشاور روانہ ہوگیا،پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عامر جان اورسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان نے دستے کو نشترپارک سپورٹس کمپلیکس سے رخصت کیا۔ 450رکنی دستہ ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی اور پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ کی قیادت میں رخصت ہوا۔دستہ میں ڈویژنل سپورٹس آفیسر منظر فرید شاہ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریاض احمد اورملک ناصر بھی ساتھ تھے ،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نیشنل گیمز میں پنجاب کے دستے کے چیف ڈی مشن ہوں گے ،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے کھلاڑیوں کو 33ویں نیشنل گیمزکے لئے بہترین تیاری کرائی ہے ، کھلاڑی جیت کے لئے پرعزم ہیں اور ہم پرامید ہیں کہ پنجاب نیشنل گیمز میں سب سے زیادہ میڈلز حاصل کرے گا، 7سال بعد نیشنل گیمز کے انعقاد سے کھلاڑیوں کی ایک نئی کھیپ سامنے آئیگی۔پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عامر جان نے دستے کو رخصت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 33 ویں نیشنل گیمزسے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا،دستے کو رخصت کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے اور مجھے یقین ہے پنجاب کے کھلاڑی کامیاب لوٹیں گے ۔