جیکب آباد،اسلام آباد(نامہ نگار،سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز) تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہاہے کہ آصف زرداری اڈیالہ جیل میں نوازشریف آپ کا انتظار کر رہاہے اب شہبازشریف بھی جیل جائے گا، بھٹو کے نام پر سندھ کے لوگوں کو 10سال تک لوٹا گیا ،زرداری اوراس کے حواریوں کو جی ڈی اے کے ساتھ مل کر شکست دینگے ،پی پی نے 10سالوں سے کچھ نہیں کیا تواب کیاکریں گے ،ضمیر کے مطابق ظالموں کے خلاف ووٹ دیں اور25جولائی کو بلے پر مہر لگائیں ۔ان خیالات اظہارانہوں نے جیکب آبادمیں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا،عمران نے کہاکہ جب پی پی کے لوگ آپ سے ووٹ مانگنے آئیں توان سے پوچھیں کہ آپ نے دس سال سے کیا کیاہے ،جوکچھ ہورہاہے چاردیواری میں ہورہاہے پتہ نہیں بلاول اورزرداری آپ کے پاس آئیں یا نہ آئیں،سندھ کا بڑا مسئلہ کرپشن اور چوری ہے آپ کا پیسہ چوری ہورہاہے ہم اقتدارمیں آئے تو آپ کا پیسہ آپ پر لگائیں گے ، زرداری ،فریال اوراس کے وزیر سارا پیسہ باہر لے کر جارہے ہیں ، آپ نے سات دنوں میں فیصلہ کرناہے کہ ان لوگوں کی مزید پانچ سال غلامی کرنی ہے یا دس سالوں کا ان سے حساب لیناہے ، یہ کہتے ہیں جمہوریت بہترین انتقام ہے ، زرداری پر ہاتھ ڈالو تووہ جمہوریت کے پیچھے چھپ جاتاہے یہ لوگوں غلام بناکر خوف کے ذریعے ان سے ووٹ لیتے ہیں زرداری اوراس کے تمام مجرموں کو انشائاﷲ جی ڈی اے کے ساتھ مل کر شکست دینگے ، زرداری نے اتنے پیسے باہربھیجے ہیں کہ وہ رکھ کربھول گیاہے گنتی تک نہیں آتی اب بلاول جیسے بچے کو آگے کیاہے جسے پاکستان توکیا سندھ کاپتہ نہیں وہ کیاکرے گا ، جیکب آبادکو 40ارب روپے دس سالوں میں ملے کہاں خرچ ہوئے کچھ پتہ نہیں ،25جولائی کو زرداری پارٹی کو شکست ہوگی نیادورآئے گا ۔عرب نیوزکودیئے انٹرویو میں کپتان نے کہا آنے والا وقت تحریک انصاف کا ہے ، انتخابات میں جیت کیلئے پراعتماد ہوں،نواز شریف اور آصف زرداری کی کرپشن کی علامت ہیں، وزیراعظم منتخب ہو کرسعودی عرب سے تعلقات کو مزید فروغ دیں گے ، امریکہ سے باہمی مفاد کاتعلق چاہتے ہیں، فوج واحد ادارہ ہے جو شفاف طریقے سے کام کررہا ہے ، دیگر ریاستی ادارے کرپشن نے تباہ کر دیئے ہیں، پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اورن لیگ میں جو بھی چوری کرے اسے جیل میں ڈالنا چاہئے ۔قبل ازیں اسلام آباد کے حلقہ این اے 53 کے علاقہ سوہان کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اس حلقے سے شاہد خاقان عباسی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں لیکن انہوں نے حلقے کے لیے کوئی کام نہیں کیا ،اقتدار میں آ کر اس حلقے کی حالت بہتر کریں گے ، عمران خان گٹر کے پانی سے گزرتے ہوئے لوگوں کے مسائل سنتے رہے ۔عمران نے حلقہ این اے 54 کے ووٹرز کے نام اپنا پیغام میں اسد عمر کو ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ 25 جولائی کو این اے 54 کے ووٹرز اسد عمر کے حق میں ووٹ ڈالیں اور آپ نے اسد عمر کو جتوانا ہے ،اگر تحریک انصاف کی حکومت آئی تو اسد عمر ہمارے وزیر خزانہ ہوں گے ۔عمران خان آج سہ پہر 3 بجے نتھیا گلی ، 5 بجے جمیل جعفری سٹیڈیم جہلم میں کھلاڑیوں کا جوش بڑھائیں گے جبکہ وہاں سے سیدھا لاہور آئیں گے اور آخری جلسہ شاہدرہ میں کریں گے ۔ذرائع کے مطابق عمران خان 2 روزلاہورمیں قیام اور مختلف مقامات پر خطاب کریں گے ۔